فائر اینڈ ایمرجنسی اسامیوں کے امیدواروں کا جموں میں احتجاج جاری

جموں//فائر اینڈ ایمرجنسی کی اسامیوں کے امیدواروں کا یہاں جمعرات کو بھی احتجاج جاری ہے۔احتجاجیوں کا مطالبہ ہے کہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی میں مبینہ گھوٹالے کے متعلق انکوائری رپورٹ منظر عام پر لائے۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کو بتایا کہ ہم یہاں اس لئے احتجاج پر ہیں کہ انکوائری رپوٹ کو منظر عام پر نہیں لایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک ماہ میں اس رپورٹ کو سامنے لانے کا وعدہ کیا تھا لیکن چار ماہ ہوگئے رپورٹ کو ابھی منظر عام پر نہیں لایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اب بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا فیصلہ لیا ہے۔ایک اور احتجاجی نے کہا کہ ہم گذشتہ دس برسوں سے لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک انکوائری رپورٹ کو سامنے نہیں لایا جائے تب تک ہم یہاں سے نہیں ہٹیں گے۔احتجاجیوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ انہیں انصاف دلائیں۔

امیدواروں کا مطالبہ پور ا کیاجائے:سنی سنگرال
جموں//اپنی پارٹی یوتھ لیڈر سنی سنگرال نے دیگر کارکنان کے ہمراہ فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کی اسامیوں کے اْمیدواروں کے حق میں احتجاج کیا۔ مظاہرین میں سرینگر سے تعلق رکھنے والے اْمیدوار بھی شامل تھے جنہوں نے مطالبہ کیاکہ مقررہ مدت کے اندر کمیٹی رپورٹ پیش کرے۔ موصولہ پریس بیان کے مطابق مظاہرین نے الزام عائد کیاکہ کمیٹی کو ایک ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنی تھی لیکن چار ماہ گذرچکے ہیں، ابھی تک رپورٹ پیش نہ کی گئی۔ سنی سنگرال نے مطالبہ کیاکہ کمیٹی کو جلد سے جلد رپورٹ پیش کرنی چاہئے۔