یو این آئی
غزہ//تین عالمی غیر سرکاری تنظیموں نے جمعرات کو کہا کہ اقوام متحدہ کے غزہ کے لیے امن منصوبے کی منظوری کے چھ ماہ سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود وہاں انسانی صورتحال ابتک ہولناک بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔اوکسفیم، سیو دی چلڈرن اور ریفیوجیز انٹرنیشنل کے نمائندوں نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیل کے وعدوں اور فلسطینیوں کے سامنے موجود حقیقی حالات کے درمیان بڑے خلا باقی ہیں۔اوکسفیم امریکہ کی صدر ایبی میکس مین نے کہا کہ”اسرائیل نے زیادہ تر تجربہ کار امدادی اداروں کو ضروری ساز و سامان لانے سے روک رکھا ہے، جیسے پانی کے نظام کی مرمت کے لیے پائپ، پناہ گاہیں، تعمیراتی مواد اور طبی ساز و سامان، جو درکار سطح پر ہوں۔” انہوں نے کہا، “یہ سب اس کے باوجود ہو رہا ہے جب تعمیر نو، معاشی ترقی اور طویل المدتی خوشحالی کے وعدے کیے گئے تھے۔” سرجن اور حال ہی میں غزہ سے واپس آنے والی امریکی سرجن ٹیریسا سولڈنر نے کہا کہ تشدد بھی بے رحمی سے جاری رہا ہے اور مسلسل اسرائیلی حملے ہو رہے ہیں۔ سولڈنر نے کہا کہ “جب میں غزہ میں تھی تو روزانہ صدمے کے مریض آتے تھے “میرا خیال ہے کہ فلسطینی نظامِ صحت بالکل تہس نہس ہو چکا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نومبر 2025 میں ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں امریکی حمایت یافتہ امن منصوبے کی توثیق کی گئی اور اس میں انسانی امداد کی مکمل بحالی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔سیو دی چلڈرن کی جانتی سوریپٹو نے کہا کہ”ہمارے ہیلتھ کلینکس میں بچے اب بھی شدید عارضی قلت ِغذائیت کے ساتھ آ رہے ہیں اور بتایا کہ جنوری سے اپریل تک ان کی تعداد بڑھی ہے۔ سوریپٹو نے کہا کہ تعلیمی نظام مکمل طور پر مفلوج ہونے کی وجہ سے،600,000 سے زیادہ بچے مسلسل تیسرے سال اسکول جانے سے قاصر رہیں گے۔” میکس مین نے مزید کہا کہ صفائی اور حفظانِ صحت کا سامان نہ ہونے کی وجہ سے خاندان کھلے گندے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے خطرے میں ہیں، اور اہم پانی و نکاسی آب کے نظام اور خدمات ابھی بھی تباہ یا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔