سرینگر //گورنر این این ووہرا نے عید الفطر کے مقدس موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارکباد دی ہے ۔ اپنے پیغام میں گورنر نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے اور اس کی بدولت ریاست میں مذہبی رواداری اور آپسی بھائی چارے کی عظیم روایات مستحکم ہوں ۔ گورنر نے ریاستی عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے دعا کی ۔ علاوہ ازیں وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کو عید الفطر کے موقعہ پر مبار ک باد دی ہے۔اپنے مبارک بادی کے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ ماہ رمضان کے روزوں اور شب بیداری اللہ کے حضور قبول ہوجائے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سخاوت ، نظم و ضبط اور تقویٰ کے اقدار لوگوں کی طرف سے آگے بھی جاری رکھے جائیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ عید الفطر کا یہ مقدس تہوار ریاست میں امن ، خوشحالی اور ترقی کی ایک نوید لے کر آئے۔محبوبہ مفتی نے لوگوں سے اپیل کہ وہ سماج کے پچھڑے طبقے بالخصوص یتیموں ، بیوائوں اور مسکینوں کونہ بھولیںکیونکہ اس طبقے نے تین دہائیوں کے دوران کافی مصائب اور آلام جھیل لئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ عید کا تہوار ان لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔اس موقعہ پر وزیرا علیٰ نے ریاست میں مذہبی رواداری ، آپسی بھائی چارے اور انسانی اقدار کی پاسداری کے لئے دعا کی۔دریں اثنانائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے ریاستی عوام کو عید الفطر کے موقعہ پر مبارکباد دی ہے ۔ مبارکبادی کے اپنے پیغام میں انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ عید الفطر ریاست اور یہاں کے لوگوں کیلئے ترقی ، خوشحالی اور امن و امان کی ایک سوغات لے کر آئے گی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر امن اور شانتی کا ایک گہوارہ ہے یہاں صدیوں سے مختلف عقیدوں کے لوگ آپسی رواداری اور بھائی چارے سے زندگی گذار رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقدس تہواروں کی بدولت مختلف طبقوں کے درمیان پیار اور محبت کے رشتوں کو مزید تقویت حاصل ہوتی ہے ۔ علاوہ ازیںکابینہ وزراء نے ریاستی عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ۔ وزیر برائے دیہی ترقی ، پنچائتی راج نظام عبدالرحمان ویری ، وزیر مال غلام نبی لون ہانجورہ ، وزیر برائے باغبانی،انصاف ، قانون اور پارلیمانی سید بشارت بخاری ، وزیر برائے سماجی بہبود ، اے آر آئی اینڈ ٹینگز اور سائنس و ٹیکنالوجی سجاد غنی لون ، وزیر برائے امدادِ باہمی و امور لداخ چیرنگ دورجے ، وزیر برائے تعلیم ، حج و اوقاف اور قبائلی امور چودھری ذوالفقار علی ،وزیر برائے صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول شیام لال چودھری ، وزیر برائے تعمیراتِ عامہ و ثقافت نعیم اختر ، وزیر برائے پشو و بھیڑ پالن عبدالغنی کوہلی ، وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اورتکنیکی تعلیم عمران رضا انصاری ، وزیر برائے خزانہ ، محنت و روز گار سید محمد الطاف بخاری، وزیر برائے ڈیساسٹر منیجمنٹ ، امداد ، باز آباد کاری اور تعمیر نو جاوید مصطفی میر ، سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی ، وزیر برائے زرعی پیداوارمحمد خلیل بندھ ، وزیر برائے مکانات و شہر ترقی ست پال شرما، وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین محمد اشرف میر ، وزیر برائے بجلی سنیل کمار شرما، وزیر برائے جنگلات و ماحولیات راجیو جسروٹیہ ، وزیر صحت و طبی تعلیم دویندر کمال منیال اور وزرائے مملکت آسیہ نقاش ، سنیل کمار شرما ، میر ظہور، اجے نندا اور شکتی راج پریہا رنے ایک مشترکہ پیغام میں ریاستی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مقدس تہوار ریاست کیلئے امن ترقی اور خوشحالی کا ایک باعث بنے ۔ وزراء نے امید ظاہر کی کہ عید الفطر کی بدولت ریاست میں امن و اخوت اور مذہبی رواداری کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے ۔ انہوں نے کہا ان اقدار کیلئے ریاست جموں و کشمیر صدیوں سے مشہور ہے انہوں نے ریاستی عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کیلئے بھی دعا کی ۔ دریں اثناجموں و کشمیر قانون ساز کونسل کے چئیر مین حاجی عنایت علی اور جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ریاستی عوام کو عید افطر کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارکباد دی ہے ۔ اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوںنے امید ظاہر کی ہے کہ اس مقدس تہوار کی بدولت ریاست آپسی رواداری ، بھائی چارے اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گی ۔ انہوںنے اس موقعہ پر ریاستی عوام کی خوشحالی اوربقاء باہم کے لئے دعا کی۔دریں اثنا قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیئرمین جہانگیر میر اور قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نذیر احمد گریزی نے بھی ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے۔علاوہ ازیں چیف سیکرٹری بی بی وِیاس نے ریاستی عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار ریاست کیلئے امن ، ترقی اور خوشحالی کی ایک نوید لیکر آئے ۔ اپنے پیغام میںانہوں نے تہواروں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تہوار مناتے وقت ہمیں غربا اورضرورتمندوں کو بھی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس تہوار کی بدولت ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارے کے رشتے نہ صرف ریاست بلکہ پوری دُنیا میں مستحکم ہوں گے ۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان)نے عیدالفطر کی مقدس تقریب سعید پر عالم اسلام خصوصاً ریاست کے فرزندان توحید کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کی تقریب ماہ صیام کے اختتام پر منائی جاتی ہے، بیشک یہ مقدس تقریب منانے کے وہی حقدار ہیں جن کے روزے اللہ نے قبول کئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا ،کہ عید خصوصی مسرت لے کر آتی ہے اور مسرت ایسی چیز ہے کہ انسان خود محسوس کرتے ہوئے اِس کا اظہار کرتا ہے، لیکن عید کی مسرت ایسی مسرت ہے کہ پروردگار عالم کی طرف سے اِس کا اظہار بھی نیک عمل اور خدا کی رضا کا ذریعہ بن گیا ہے یعنی اجر وثواب کا ذریعہ بھی ہے، یہ خصوصیت عید کی بڑی خصوصیت ہے۔ انہوں نے کہا ،کہ عید کی اِن مسرت گھڑیوں میں اپنی ریاست کے اُن بھائیوں اور بہنوں کو یاد کرنے کی ضرورت ہے جو زمانے کے ستم رسیدہ ہیں اور مفلوک الحال ہونے کے نتیجے میں اپنے معصوم اور کمسن بچوں کیلئے بنیادی ضروریات میسر رکھنے کے اہل نہیں ہیں۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہاکہ اللہ تعالیٰ یہ عید پوری عالم انسانیت کی بقا کیلئے ، عالم اسلام کی سربلندی ، لوگوں کو مسرتوں اور شادمانیوں کی باعث ہو۔ نیز خالق کائنات یہ عید ملک کشمیر کے مکمل امن وامان کی بحالی کیلئے موجب ثابت ہو۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ عوام اپنے پسماندہ، نادار اور مفلس بھائیوں کا عید کے موقعے پر خاص خیال رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں یہی تعلیم دیتا ہے اور انسانیت کا بھی یہی تقاضہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر خوشیاں منائیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں کام آئیں۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صدرِ صوبہ کشمیر ناصر اسلم وانی ، صدرِ صوبہ جموںدیوندر سنگھ رانا، ترجمان اعلیٰ آغا سید روح اللہ اور جنید عظیم متو نے ریاست کے لوگوں کو عید مبارک پیش کیا ہے۔ اس دوران سابق وزرائے اعلیٰ غلام نبی آزاد اور عمر عبداللہ نے ریاستی عوام کو مبارکبا د پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ یہ عید ریاست میں آپسی بھائی چارے ،یگانگت اور صبرو استقامت کا پیغام لے کر آئے۔ سابق وزیر غلام حسن میر ،سی پی آئی ایم کے ریاستی سیکریٹری محمد یوسف تاریگامی نے اہل اسلام خصوصاًریاستی عوام کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکبا د پیش کی ہے۔عید الفطر کے موقعہ پر سابق نائب وزیر اعلیٰ مظفر حسین بیگ،پی ڈی پی کے دیگر لیڈران محمد دلاور میر،سرتاج مدنی اورمحمد رفیع میرنے بھی اہل ریاست کو عید مبارک پیش کی ہے۔اس دوران عید الفطر کے مقدس موقعہ پر سابق مرکزی وزیر اور ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر اور سینئر لیڈر قدفین چودھر ی ،غلام نبی مونگا اور دیگر لیڈران نے ہندوستان کے عوام کو عام طور پراور ریاستی عوام کو خاص طور پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ لوگوں کو ماہ مقدس میں روزوں کے بدلے خوشیوں ، امن ، خوشحالی اور ترقی سے نوازے۔