عیدگاہ اراضی پرخدمات کی فراہمی کی تجویز کینسراسپتال کی تعمیر اورکھیل کامیدان تیار کرنے کیلئے ٹٹوگرائونڈاستعمال کیاجائے:محبوبہ مفتی

سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے جموں کشمیرانتظامیہ سے کہا ہے کہ عید گاہ کے بجائے وہ ٹٹوگرائونڈ جس کے ایک حصے کو فوج نے 2015میںخالی کیا ہے، کو کینسر اسپتال کی تعمیراورکھیل کے میدان کیلئے استعمال کرے۔محبوبہ کاردعمل ان رپورٹوں کے بعدسامنے آیا ہے جن کے مطابق وقف بورڈ نے عیدگاہ میں ایک کینسراسپتال اورصوبائی انتظامیہ نے ایک کھیل کامیدان تیارکرنے کی تجاویزپیش کی ہیں۔محبوبہ مفتی نے کہا،’’کئی دنوں سے عیدگاہ کی اراضی پرکافی بحث ومباحثہ ہورہا ہے ،کبھی یہ کہاجاتا ہے کہ یہاں اسپتال تعمیر کیاجائے گااورکبھی کہاجاتا ہے کہ اسے کھیل کے میدان کے طورترقی دی جائیگی۔یہ لوگ بھول جاتے ہیں کہ یہ اراضی اجتماعی نمازوں کیلئے وقف کی گئی ہے۔‘‘محبوبہ نے کہا کہ اس مسئلہ پربحث ہونا لازمی ہے اورعیدگاہ میں کسی بھی تغیروتبدل سے قبل مسلم طبقے کی رائے لی جائے۔انہوں نے کہا کہ پہلے یہاں کینسراسپتال قائم ہی نہیں ہوناچاہیے کیوں کہ اسپتال سے نکلنے والی گندگی سے نزدیکی آبادی کومشکلات ہوں گی۔لیکن اگرحکومت ہندکشمیرمیں کینسراسپتال قائم کرناہی چاہتی ہیں اورکھیل کامیدان بھی ،تواُن کے پاس ٹٹوگرائونڈہے۔ محبوبہ نے کہا کہ وہاں سینکروں کنال اراضی ضائع ہورہی ہے اورخالی پڑی ہے وہاں ایک عالمی معیار کا کینسراسپتال اور اسٹیڈیم بن سکتے ہیں۔محبوبہ نے کہاکہ وقف کی جائیداد سے چھیڑ چھاڑ کے بھیانک نتائج نکلیں گے ۔انہوں نے انتظامیہ کوخبردار کیاکہ وہ مسلم طبقے کی جائیداد اور’’لوگوں کے جذبات سے نہ کھیلیں‘‘۔ محبوبہ نے کہا کہ عیدگاہ جسے میرسیدعلی ہمدانی نے 600سال قبل کشمیر کے مسلمانوں کیلئے وقف کیاتھا، کو مختلف سہولیات کیلئے تبدیل کرنے سے مقامی مسلم آبادی کے جذبات مجروح ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ (آبادی)صورتحال کوخدشات کے ساتھ دیکھ رہی ہیں اورکچھ بھی اگر ان کی خواہشات کے برعکس کیاگیا اورمقامی لوگوں کو نمازکیلئے جگہ نہیں دی گئی یا جس بھی روایتی مقصد کیلئے وہ استعمال کرتے تھے،اس کے خطرناک نتائج نکلیں گے۔انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ لوگوں کے صبرکاامتحان نہ لیں۔