پبلک سروس گارنٹی کے تحت خدمات کی حصولیابی طریقہ کار اور رسمی کاروائیوں کی آسانی کیلئے نگرانی کا فیصلہ

بلال فرقانی

سرینگر//جموں و کشمیر میں پبلک سروس گارنٹی ایکٹ (عوامی خدمات ضمانتی قانون)کے تحت خدمات کی حصولیابی کیلئے طریقہ کار اور دیگر رسمی کارروائیوں کو آسان بنانے کیلئے انتظامیہ نے نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں حکومت نے محکمہ جل شکتی کے انتظامی سیکریٹری کی سربراہی میں ایک پینل تشکیل دیا ہے جوعوامی خدمت کے لیے طریقہ کارودستاویزات کی ضروریات کو آسان بنانے کی ضرورت کی نگرانی کرے گا۔7رکنی پینل جہاں بھی ممکن ہو’ ڈیجی لاکر‘پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کردہ بنیادی اہلیت کے دستاویزات کے ساتھ خدمات کو منسلک کرنے کے پہلو پر غور کرے گی۔ ڈیجی لاکردستاویزات اوراسناد کی اسٹوریج، اشتراک اور تصدیق کے لیے کلاؤڈ پر مبنی ایک محفوظ پلیٹ فارم ہے،جس کا مقصد شہریوں کے ڈیجیٹل دستاویز والیٹ تک رسائی فراہم کرکے ‘ڈیجیٹلی بااختیار بناناہے۔ڈیجی لاکر مختلف دستاویزات کے ڈیجیٹل نسخہ بشمول ڈرائیوئنگ لائسنس، گاڑی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور تعلیمی مارک شیٹوںو غیرہ تک رسائی کی اجازت دیتا ہے۔اس پینل کو قواعد میں ترامیم کی سفارش کر کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے تاکہ عوامی خدمات حاصل کرنے کیلئے صرف ضروری دستاویزات کی ضرورت کو مطلع کیا جا سکے۔محکمہ جنگلات و ماحولیات،محکمہ انتظامی عمومی،محکمہ قانون،و پارلیمانی امور اور متعلقہ محکمہ کے انتظامی سیکریٹری کے علاوہ عمومی انتظامی محکمہ کے سپیشل سیکریٹری اور چیئرمین کی طرف سے حسب ضرورت کوئی نامزد ممبر اس پینل میں ممبران ہونگے۔جموں و کشمیر پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ 9 اپریل 2011 کو ریاستی اسمبلی کے ذریعہ منظور کیا گیا تھا اور یہ جموں کشمیر کے لوگوں کو مخصوص وقت کی حد کے اندر عوامی خدمات کی اور اس سے متعلقہ معاملات کے لئے فراہمی کا حق دیتا ہے۔اس ایکٹ کا مقصد عام لوگوں کو روزمرہ کی زندگی کی اہمیت کے مختلف محاذوں پر عوامی خدمات کی فوری فراہمی کے حق کو انتظامیہ پر نافذ کرنے کا اختیار دیتا ہے۔