ویری ناگ میں فوجی گاڑی کو حادثہ ۔ 1 ہلاک 9زخمی،اننت ناگ میں راہ گیر لقمہ اجل

 عارف بلوچ

اننت ناگ //بٹہ گنڈ ویری ناگ میں سنیچر سہہ پہر کو سڑک کے ایک حادثہ میں فوج کا 1 اہلکار جاں بحق جبکہ 9 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق فوج کی گاڑی ویری ناگ سے کوکرناگ کی طرف جارہی تھی،اس بیچ جب گاڑی جوہنی بٹہ گنڈ ٹاپ پر پہنچی تو گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر پہاڑی سے لڑک گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 10 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے 1 اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔مہلوک اہلکار کی شناخت لانس نائیک گرمیت سنگھ کے بطور ہوئی ہے،جبکہ زخمیوں کی پہچان حوالدار دنیش کمار،نائیک جی ایس بوڈکا،لانس نائیک منجیدر سنگھ،لانس نائیک انکیت،سپاہی شبھم،سپاہی جوگراج سنگھ،رائفل مین مدثر احمد پڈر،میجر جگدیش سنگھ سوکھی کے بطور ہوئی ہے،زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر گورنمنٹ ماڈل اسپتال ڈورو منتقل کیا گیا جہاں سے 1 اہلکار کو جی ایم سی اسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا جبکہ باقی اہلکاروں کو اجرو فوجی ہیڈ کوارٹر سے بذریعہ ہیلی کاپٹر فوجی اسپتال بادامی باغ سرینگر روانہ کیا گیا۔حادثے کے فوراََ بعد فوج و پولیس کے اعلیٰ افسران جائے حادثہ پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ادھر اننت ناگ میں کے پی روڈ پر جاسکو ہسپتال کے نزدیک حسن محمد خان ولد بیدار محمد خان ساکن مٹن نامی راہ گیر ایک کار کی زد میں آیا جس کی وجہ سے اس کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوئی۔