عوامی مسائل کا ازالہٗ سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا: محبوبہ

عظمیٰ نیوز سروس

پونچھ/جموں// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے روز کہا کہ لوگوں کو خواہ وہ کسی بھی مذہب اور علاقے سے تعلق رکھتے ہوں، اپنے مسائل کے ازالے کے لیے متحد ہوکر آواز اٹھانا ہوگی۔محبوبہ اس وقت پونچھ اور راجوری اضلاع کے ایک ہفتہ طویل دورے پر ہیں۔اس نے صبح پونچھ شہر جانے سے پہلے سرنکوٹ اور مینڈھر میں روڈ شو کیا۔ انہوں نے کہا کہ”میں پہاڑیوں، گجروں، ہندوں اور مسلمانوں سمیت سماج کے تمام طبقات کی طرف سے پرتپاک استقبال کے لیے شکر گزار ہوں۔ میں وہ ہوں جو لوگوں کو متحد کر رہی ہوں اور انہیں تقسیم نہیں کر رہی ہوں، ہم سب کو اپنے مسائل کے ازالے کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہو گا،انہوں نے کہا کہ مسئلہ ہونے کی صورت میں ہر کوئی متاثر ہوتا ہے جبکہ آسانی کے وقت سب کو فائدہ ہوتا ہے۔محبوبہ نے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے اور جموں و کشمیر کو تقسیم کرنے کے مرکز کے اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، “یہ انتخاب سڑکوں اور بجلی کے لیے نہیں ہے، یہاں بے روزگاری جیسے مسائل ہیں جنہیں دیگر مسائل کے علاوہ اٹھانے کی ضرورت ہے، جس کا ہمیں 2019 کے بعد کی ترقی کا سامنا ہے۔” پی ڈی پی لیڈر نے کہا کہ وہ پونچھ کے لوگوں کے مطالبات سے واقف ہیں،میں وزیر اعلی نہیں ہوں کہ آپ کا مطالبہ فوری طور پر مانوں لیکن میں کوئی جھوٹا وعدہ کرنے والی نہیں ، مجھے دوبارہ آپ کا سامنا کرنا پڑے گا اور اگر میں پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہو جاتی ہوں تو میں آپ کے مسائل اٹھائوں گی اور آپ کے معمولی مسائل کو حل کرنے کے لیے ایم پی لوکل ایریا ڈیولپمنٹ فنڈ کا استعمال کروں گی۔