پونچھ ائر فورس حملہ|| 2خواتین سمیت 25 زیر حراست متعدد دیہات، حملے کی جگہ آس پاس کے جنگلاتی علاقے مسلسل محاسرے میں

 سمت بھارگو

راجوری //انڈین ایئر فورس (IAF) کی گاڑیوں پر حالیہ حملے کے بعد پوچھ گچھ کے سلسلے میں پولیس نے اب تک25 افراد کو حراست میں لیا ہے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔حراست میں لئے گئے افراد میں سے کچھ ہتھیار ڈالنے والے سابق ملی ٹینٹ ہیںاور کچھ اوور گرانڈ ورکرز (OGWs) بھی ہیں۔جموں و کشمیر پولیس نے حملے کے فورا ًبعد سرنکوٹ پولیس اسٹیشن میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آنند جین نے بھی اس حملے کے بعد سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل صورتحال کی نگرانی کے لیے علاقے کا دورہ کیا تھا جہاں آرمی کمانڈر شمالی کمان نے بھی منگل کو پونچھ ضلع کا دورہ کیا تھا۔حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں پولیس نے اب تک 25 لوگوں کو حراست میں لیا ہے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ، انہوں نے کہا، کچھ اپر گرائونڈ ورکر اور سابق ملی ٹینٹ بھی زیر حراست افراد میں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے اور اس حملے میں ان کے کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کا پتہ لگانے کے لیے تمام پہلوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔تاہم قومی ٹی وی چینلوں پر یہ اطلاعات دی جارہی ہیں کہ 50افراد زیر حراست ہیں جن میں کچھ خواتین بھی شامل ہیں، جن کا ماضی میں بلواسطہ یا بلا واسطہ طور پر ملی ٹینسی کیساتھ رابطہ رہا ہے۔دریں اثنا، حملہ کی جگہ کے قریب واقع گھنے جنگلات کے احاطہ سمیت کم از کم نصف درجن گائوں اور علاقوں میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن بدھ کو پانچویں دن بھی جاری رہا۔حکام نے بتایا کہ ہندوستانی فوج، جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ ساتھ مرکزی نیم فوجی دستوں کی مشترکہ ٹیمیں اس خدشے کے درمیان علاقے میں آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں کہ حملہ آور ملی ٹینٹ جنگل میں کسی بھی جگہ چھپے ہو سکتے ہیں جو حملے کے چاروں اطراف واقع ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام اقدامات جو کہ انسداد دہشت گردی آپریشن کا حصہ ہیں، اٹھائے گئے ہیں اور فورسز فوج اور پولیس کے سینئر افسران کے ساتھ مل کر آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں جس کے بارے میں وقتاً فوقتاً اعلی حکام کو بریفنگ بھی دی جا رہی ہے۔

سی سی ٹی وی تصاویر
سی سی ٹی وی کلپ سے نکالے گئے 3 مشتبہ ملی ٹینٹوں کی تصاویر، جنہوں نے مبینہ طور پر 5 مئی کو جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں ہندوستانی فضائیہ (IAF) کے قافلے پر حملہ کیا تھا، بدھ کے روز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔پولیس نے اس سے قبل2دہشت گردوں کے خاکے جاری کیے تھے جن کا شبہ ہے کہ وہ اس حملے کے پیچھے ملوث ہیں، اس کے علاوہ کسی بھی ایسی معلومات کے لیے 20 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیاگیا ہے۔اس بات کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ آیا بدھ کو تصویروں میں نظر آنے والے تینوں دہشت گرد پونچھ دہشت گردانہ حملے کے پیچھے تھے یا سیکورٹی فورسز نے یہ تصاویر جاری کیں۔