بارہمولہ میں 50کروڑ روپے کی منشیات اور نقدی برآمد:پولیس

 فیاض بخاری

بارہمولہ//جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو کہا کہ انہوں نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں منشیات کی سمگلنگ کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کیا اور 3 سمگلروں کو بھاری مقدار میں منشیات اور نقدی کے ساتھ گرفتار کیا ۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)امود اشوک ناگپورے نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اوڑی پولیس کو 8 مئی کو قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملی کہ محمود احمد نجار ولد محمد حسن نجار ساکن چرنڈا اور سجاد احمد ملک ولد محمد امین ملک ساکن دھنیسیدان کے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہیں، جس کے بعد مقدمہ ایف آئی آر نمبر 8/21درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ دونوں مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا گیا اور مناسب کارروائی کے بعد دونوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے چرونڈا میں ممنوعہ مادہ اور نقدی چھپا رکھی ہے۔ “ان کے انکشاف کے بعد، مجسٹریٹ کے ساتھ ایک پولیس پارٹی نے جائے وقوعہ کی تلاشی لی اور ممنوعہ مادہ برآمد کیا۔ ایس ایس پی نے کہا کہ آپریشن میں فوج کی مدد کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے انکشاف کیا کہ ایک اور شخص فیاض احمد حجام ولد محمد رفیع حجام سکنہ دھنی سیداں پاکستان سے منشیات سمگل کرنے میں کامیاب ہوا ، اسی مناسبت سے اسے حراست میں لیا گیا اور پوچھ گچھ کے دوران اس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس نے کچھ ممنوعہ اشیا چھپا رکھی ہیں، جو کہ بعد ازاں گرفتار ہوا۔تاہم، فیاض کے مزید انکشاف کے ساتھ اس کے گھر سے کچھ نقدی بھی برآمد ہوئی۔ اس ماڈیول کا تعلق پاکستان میں مقیم ہینڈلرز سے ہے جن سے پولیس 7.800 کلو گرام وزنی ممنوعہ اشیا (قیمت تقریبا ً50 کروڑ روپے) اور 12,63,500 روپے کی نقدی برآمد کرنے میں کامیاب ہوئی۔انہوں نے کہا کہ “ہمیں اہم لیڈز مل گئی ہیں اور جلد ہی مرکزی ہینڈلرز پر کارروائی کریں گے۔