سفر محمود پر روانگی کا آغاز ۔642عازمین کو لیکر 2پروازیں جدہ روانہ|| صوبائی انتظامیہ نے عازمین کو رخصت کیا

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// حج 2024کا آغاز ہوگیا ہے اور سفر محمود پر جانے والے عازمین کے قافلوں کی روانگی شروع ہوگئی ہے۔بمنہ میں واقع حج ہائوس میں جمعرات کو عازمین کے 2قافلے سفر محمود پر روانہ ہوگئے۔ عازمین کے پہلے دستے کی روانگی کے موقعہ پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔9 سے15 مئی تک روزانہ کی بنیاد پر 2 پروازیں جبکہ15 سے25 تک روزانہ صرف ایک ہی پرواز سرینگر ایئرپورٹ سے اڑان بھرے گی۔عازمین کے پہلے کھیپ کے لیے رپورٹنگ کا وقت صبح 8:30 بجے مقرر کیا گیا تھا۔آنسوئوں اور دعائوں کے درمیان، خاندانوں نے اپنے پیاروں کو الوداع کہا جب وہ مقدس سفر پر جانے کیلئے بمنہ حج ہائوس پہنچے۔ عازمین کا دوسرا قافلہ صبح 11:30 بجے روانہ ہوا۔ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر (ای او)ڈاکٹر شجاعت قریشی نے بتایا کہ کل 642 عازمین سرینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 2پروازوں میں روانہ ہوئے۔ ایگزیکٹیو آفیسر نے کہا کہ حجاج کرام کے لیے ایک ہموار تجربے کو یقینی بنانے کے لیے کمیٹی نے مقدس سفر کی سہولت کے لیے مکمل انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال کل 7008 عازمین حج کا سفر کریں گے، جن میں سے تقریباً 6800 سرینگر سے اور 500 سے زائد دہلی کے سفر کے ذریعے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا’’6,852 عازمین سرینگر سے،جن میں لداخ کے لوگ بھی شامل ہیں، جبکہ 541 عازمین دوسرے ہوائی اڈوں سے روانہ ہوں گے، خاص طور پر دہلی کے ہوائی اڈے سے۔ ڈاکٹر قریشی نے کہا کہ 37 خواتین زائرین بھی بغیر محرم کے مقدس سفر کریں گی، جن میں اکثریت سری نگر سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈنگ پاس اورکسٹم کلیئرنس کے لیے حجاج کرام اور ان کے اہل خانہ کے لیے پریشانی سے پاک اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ حج ہائوس تمام رسمی کاموں کے لیے ایک فوکل پوائنٹ کے طور پر کام کرے گا۔ڈاکٹر قریشی نے کہا کہ صحت، سیکورٹی اور ہنگامی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون سے کوششیں جاری رہیں گی اور حجاج کرام کو ان کی زیارت کے لیے ضروری معلومات اور رہنمائی سے آراستہ کرنے کے لیے دو مرتبہ تربیتی سیشنز بھی منعقد کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سال حج کا آغاز مدینہ منورہ سے ہوگا جس میں تمام حجاج کو مرکزیہ میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منیٰ میں بہتری لائی گئی ہے، اب خیمے حکمت عملی کے مطابق زون 2، 3 اور 4 میں لگائے گئے ہیں، جس سے حجاج کرام کے مجموعی تجربے میں اضافہ ہوگا۔
عازمین کی رخصتی
صوبائی کمشنر کشمیروِجے کمار بِدھوری نے آئی جی پی کشمیر وِی کے بِردی کے ہمراہ سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے عازمین حج 2024ء کے پہلے قافلے کی روانگی کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اَکشے لابرو، ایس ایس پی بڈگام نکھل بور کر ، ڈائریکٹر اِنٹرنیشنل ائیر پورٹ اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی موجود تھے۔صوبائی کمشنر کشمیر نے عازمین حج سے بات چیت کی اور اُنہیں اَپنی مبارک باد اور نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔ صوبائی کمشنرکشمیر نے دورے کے دوران ہوائی اڈے کے احاطے کے اندر اور باہر پینے کے صاف پانی کی دستیابی، طبی سہولیات، ریفریشمنٹ، رضاکارانہ خدمات اور ٹریفک مینجمنٹ کے علاوہ امیگریشن چیک کی سہولیات اور سامان لے جانے کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ روانگی کے شیڈول کے اِختتام تک تمام عازمین کی بغیر کسی پریشانی روانگی کو یقینی بنایا جائے۔