بغداد// عراق کے اربیل میں امریکی سفارت خانہ کے قریب اتوار کے روز ہونے والے میزائل حملے میں ایک شخص زخمی ہوگیا اور کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔یہ اطلاع وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں دی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی شہر اربیل میں امریکی قونصل خانے اور کردستان 24 ٹی وی چینل کے نزدیک عراق کی مشرقی سرحد کے باہر سے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بارہ میزائل داغے گئے۔ اس حملے میں ایک شہری زخمی ہوا ہے اور کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کرد سکیورٹی فورسز معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔دریں اثنا عراقی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کے میڈیا آفس سے جاری کردہ ایک بیان میں بھی اربیل میں میزائل حملوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے حملہ آوروں کا جواب دیا جائے گا۔ ابھی تک کسی تنظیم نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔