جموں //محکمہ پی ایچ ای میں بطور ڈیلی ویجرز اپنی خدامات انجام دینے والے عارضی ملازمین کی مستقلی و تنخواہ کا معاملہ جلداز جلد حل کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار نیشنل کا نفرنس کے صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا نے آل جموں و کشمیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ایسوسی ایشن کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے ریاستی گور نر ستیہ پال ملک سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو خدمات پہنچانے کیلئے تعینات ان ڈیلی ویجروں کی مستقلی کو سابقہ کابینہ میں ہری جھنڈی دکھا ئے جانے کے باوجود ان عارضی ملازمین کیساتھ غیر ضروری طور پر کھلواڑ کیاجارہاہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی گور نر انتظامیہ ان عارضی ملازمین کی مانگوں و مطالبات پر سنجیدگی کیساتھ غور کرے گی ۔اس سے قبل آل جموں وکشمیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ،آئی ٹی آئی تربیت یافتہ سی پی ورکرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے طاہر حسین کی صدارت میں ممبراسمبلی نگروٹہ کیساتھ ملاقات کر کے اپنے مسائل کے بارے میں شکایت درج کروائی ۔اپنے خطاب میں ممبرا سمبلی نے کہاکہ ریاستی انتظامیہ کو ڈیلی ویجروں کی جانب سے دی گئی ہڑتال پر سنجیدگی کا مظاہرہ کر نا چاہئے کیونکہ اس ہڑتال سے کئی علا قوں میں عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہو چکی ہے ۔انہوں نے سابقہ ریاستی حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکومت نے مستقلی کے دوران اثر رسوخ اور سیاسی پشت پناہی والوں کو ترجیح دی ۔نیشنل کا نفرنس کے صوبائی صدر نے کہاکہ سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی سربرائی والی حکومت نے عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کیں تاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی حکومت صرف کاغذوں اور دعوں تک ہی محدود رہی جس کی وجہ سے اس وقت ریاست میں عوام تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔ایسوسی ایشن کی مانگ کے مد نظر دویندر سنگھ رانا نے گور نر کے مشیر ،فائنانشل سیکرٹری اور چیف انجینئر محکمہ پی ایچ ای سے موبائل فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان عارضی ملازمین کو آئندہ دیوالی سے قبل تنخواہ دی جائے جبکہ ان کی مستقلی کیلئے ایک جامع پالیسی کے تحت کام کیا جائے ۔انہوں نے احتجاج کر رہے ورکرز کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے کہا کہ نیشنل کانفرنس ان کی مانگوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گی ۔