راجوری+پونچھ //خطہ پیر پنچال میں طویل خشک سالی کے بعد بالائی علاقوں میں برفباری اور نشیبی علاقوں میں بارشیں ہونے سے کسانوں کے چہروں پر رونق لوٹ آئی ہے ۔تاہم بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے لوگوںکو مشکلات کاسامنا بھی کرناپڑرہاہے ۔موسم بدلنے کے ساتھ ہی خطہ میں سردی بڑھ گئی ہے جبکہ معمولات زندگی بھی متاثر ہواہے ۔ وہیں کئی علاقوں کی بجلی سپلائی گل ہے اور کئی سڑک روابط بھی منقطع ہیں ۔خطہ کے تمام بالائی علاقوں بدھل ،کنڈی ، درہال ، تھنہ منڈی ، سرنکوٹ، لورن ، ساوجیاں وغیرہ میں چوبیس گھنٹوںسے برفباری ہورہی ہے جبکہ نچلے علاقوں میں بارش جاری ہے ۔یہ برفباری اور بارش ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اس کی اشد ضرورت سمجھی جارہی تھی اور ندی نالے و چشمے خشک ہوتے جارہے تھے ۔منڈی سے ملی اطلاعات کے مطابق مختلف علاقہ جات کو جانے والی سڑکیں بھی بند رہیں ۔تحصیل منڈی کے بالائی علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ وہ ساوجیاں ،لورن، مہار کوٹ، گگڑیاں اور دور دراز علاقوں میں تیل خاکی،راشن اور دوسری اشیاء کو عوام کیلئے دستیاب رکھیں تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ساوجیاں کے محمد معشوق نے بتایاکہ بالائی علاقہ جات میں لوگوں کے لئے تیل خاکی اور راشن کا کوئی معقول انتظام نہیں۔ان کاکہناتھاکہ اگر آنے والے دنوں میں بھی موسم ایسا ہی رہاتو مشکلات میں اضافہ ہوسکتاہے ۔
کئی سڑکیں بند
برفباری کے باعث کئی سڑکیں بند ہوئی ہیں جن میں دیرہ گلی سڑک بھی شامل ہے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق برفباری کے بعد راجوری بدھل کنڈی سڑک اور تھنہ منڈی سرنکوٹ براستہ دیرہ گلی پر ٹریفک بند کردی گئی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلا ت کاسامنا کرناپڑرہاہے ۔خاص طور پر دیہی علاقوں کے لوگ سڑک روا بط بند ہونے اور دیگر سہولیات نہ ملنے پر مشکلات کاشکار ہیں ۔مینڈھر سے ملی اطلاعات کے مطابق 80فیصد سڑکیں بند ہوگئی ہیں کیونکہ ان پر تارکول نہیں بچھاہوا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ دیہی علاقوں کو جانے والی سڑکوں پر تارکول بچھایاجائے ۔کوٹرنکہ سے خواس جانے والی سڑک بڈھال گلی کے مقام پر بند ہوگئی ہے
بجلی سپلائی متاثر
بارش اور برفباری کے باعث کئی علاقوں کی بجلی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے ۔کوٹرنکہ میں برف باری شرو ع ہوتے ہی بجلی غائب ہوگئی جبکہ دیگر علاقوں میں بھی بجلی منقطع ہوئی ہے ۔ مقامی لوگوںنے بتایاکہ کوٹرنکہ میں بجلی سپلائی کئی گھنٹوں سے بند ہے جس کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں ۔راجوری کے لوگوںنے بھی شکایت کی کہ پیر کے روز صبح بجلی گل رہی ۔ مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی پر لاپرواہی کاالزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ترسلی لائنیں درست نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ہلکی سے ہواچلنے یا بارش ہونے پر سپلائی متاثر ہوتی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اس سے تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں اور دوسرے کام کاج پر بھی برااثر پڑتاہے ۔پونچھ ضلع سے بھی بجلی سپلائی کے متعلق ایسی ہی شکایات ہیں ۔