جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے مرکزی وزیر برائے انسانی وسائل و ترقی رومیش پوکھرال ، مرکزی وزیر مملکت برائے انسانی وسائل ، مرکزی ایجوکیشن سیکرٹری کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جموںوکشمیر میں کووِڈ۔19 وبا کے مد نظر طلباء کو فراہم کی جارہی تعلیمی سہولیات سے متعلق اُٹھائے جارہے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ویڈیو کانفرنس میں تمام ریاستوں کے وزراء تعلیم نے بھی حصہ لیا ۔پرنسپل سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، محکمہ تعلیم جموں وکشمیر کے سربراہان انورادھا گپتا اور محمد یونس ملک ، چیئرمین جے کے بوس وینا پنڈتا ، ایس پی ڈی سماگراہ شکھشا ارون منہاس و دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔مشیر موصوف نے مرکزی وزیر کو جموں وکشمیرکے طلباء کو آن لائن تعلیم فراہم کرنے کے بارے میں تفصیلات پیش کیں ۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ یوٹی حکومت نے طلبا ء کو مڈ ڈے میل تقسیم کرنے کے سلسلے میں ان کی دہلیز پر خشک راشن پہنچانے کا اہتمام کیا۔ مشیرموصوف نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ جے کے یوٹی میں طلباء کے جوابی پرچوں کی چیکنگ کے انتظامات بھی کئے ہیں ۔مرکزی وزیرنے جے کے یوٹی کی اُن کوششوں کو سراہا جو طلباء کو آن لائن تعلیم فراہم کرنے میں تمام تراقدامات کر رہی ہے اور ان کے تدریسی نقصان کو مؤثر طریقے پر کم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔