گاندربل//وسطی ضلع بڈگام کے چند پورہ( نصر اللہ پورہ) میں بدھ کو مشتبہ جنگجوئوں نے جے کے بینک کی برانچ میں داخل ہوکر2لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ لی اوربینک محافظ کی بارہ بوررائفل چھین کرفرار ہوگئے ۔یہ ضلع بڈگام میں مارچ کے مہینے میں بینک ڈاکہ زنی کی تیسری واردات ہے جبکہ مجموعی طور پر رواں ماہ میںچوتھا واقعہ ہے۔جے کے بینک برانچ نصر اللہ پورہ ایکسٹینشن چند پورہ میں بعد دوپہر قریب 5افراد برانچ میں داخل ہوئے، جن میں سے کچھ کے ہاتھوں میں پستول تھے۔ انہوں نے بینک شاخ میں داخل ہوتے ہی برانچ کی حفاظت پر مامور محافظ عبدالرشید صوفی ساکن سنور کلی پورہ کو دبوچ کر غیر مسلح کردیا اور اسکی بارہ بور رائفل چھین لی۔ اسکے بعد انہوں نے سی سی ٹی وی کیمرے ہٹا کر اپنے ساتھ لئے اور بینک کے کیشر پر فائر کھول دیا جو خود کو بچانے میں کامیاب ہوا۔بعد میں انہوں نے کیش کونٹر سے 2لاکھ 10ہزار روپے لوٹ لئے اور فرار ہوگئے۔اس سے قبل12مارچ کوگرامین بنک برانچ کنزر میں مشتبہ اسلحہ برداروں نے 2.24لاکھ روپے جبکہ16مارچ کوگرامین بنک برانچ پنزی نارا سے اسی طرح کی کارروائی میں3.50لاکھ روپے لوٹ لئے گئے۔ضلع بڈگام میں ہی نامعلوم لٹیروںنے 19فروری کوایک پیٹرول پمپ سے ساڑھے تین لاکھ روپے کی رقم بندوق کی نوک پرلوٹ لی تھی ۔بٹہ پورہ چوک شوپیان ٹائون میں22مارچ کو مشتبہ لیٹروں نے سٹیٹ بینک کے اے ٹی ایم کو توڑ ڈالا اور اس میں سے 17لاکھ سے زائد کی رقم لوٹ لی۔ادھرچندپورہ میں دن دہاڑے بینک ڈکیتی کی واردات رونماہونے سے متعلق ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم نے کہاکہ بڈگام پولیس کی ٹیم نے جائے واردات پرجاکر معلومات حاصل کرلی ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ بینک ڈکیتی کی اس واردات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے ،اوربہت جلداس میں ملوث لٹیروںکا سراغ لگایاجائیگا۔