نیوز ڈیسک
جموں//پیر کی گلی کے مقام پر تازہ ہلکی برفباری اور ابر آلود آسمان کے بیچ صوبہ جموں میں سردی کی لہر بدستور جاری ہے اور درجہ حرارت مسلسل معمول سے نیچے چل رہا ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ کچھ دنوں تک ابر آلود موسمی صورتحال کے ساتھ موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق مغل روڈ پرپیر کی گلی کے مقام پر سوموار کے بعد دوپہر بارشوں اور ہلکی برفباری ہونے کے باعث تاریخی مغل شاہراہ ٹریفک کی آمد رفت احتیاطی طور پر بند کی گئی ۔ محکمہ ٹریفک کے ایک عہدیدارنے بتایا کہ جموں سرینگر شاہراہ پر بنا خلل ٹریفک جاری ہے تاہم ہلکی برفباری کے بعد پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے مغل شاہراہ کو ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔محکمہ کے مطابق شاہراہ پر پھسلن پیدا ہونے کے بعد مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر دونوں شاہرائوں کو بند کر دیا گیا ہے اور جلد ہی ان کو بحال کیا جائے گا ۔اس دوران محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ جموں میں سردی کی لہر جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموںمیں گزشتہ رات 4.5ڈگری سینٹی گریڈدرجہ حرارت ریکارڈ کیاگیاجو معمول سے 4ڈگری کم تھا جبکہ دن کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت15.8ڈگری سیلشس ریکارڈ کیاگیا جو معمول سے5ڈگری کم تھا۔کٹرہ میں کم سے کم درجہ حرارت7.2،بانہال میں منفی1،بٹوت میں0.7،بھدرواہ میں 0.4،جموں ہوائی اڈے پر6،ماتا ویشنو دیوی مندر میں7،پٹنی ٹاپ میں0.6اور ادھم پور میں 3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیاجو معمول سے ہر جگہ کم ہے۔ سردی کی لہر کی وجہ سے جموں میں دھند کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور پورے صوبہ کے سبھی اضلاع میں سردی محسوس کی جارہی ہے جبکہ دھند سے فضائی و زمینی ٹریفک بھی متاثر ہورہاہے۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے بتایا کہ لداخ کے لیہہ اور کرگل میں بالترتیب منفی 13.4 اور 10.2 ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے 26 سے 30 دسمبر تک عام طور پر ابر آلود موسم کی توقع ہے اور 29 دسمبر کی رات سے لیکر 30دسمبر کی صبح تک شمالی، شمال مغربی اور وسطی کشمیر کے اونچے مقامات وقفے وقفے سے ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ ۔اسی طرح لداخ خطے کے دراس میں بھی درجہ حرارت بہت ہی حد تک نیچے آگیا ہے ۔
صوبہ جموں میں ٹھنڈ کا راج ،درجہ حرارت معمول سے کم