سرینگر/ /صنعتی پالیسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایل جے پی کے امور کشمیر انچارج سنجے صراف نے کہا کہ اس میں35فیصد مقامی تاجروں اور کاروباریوں کیلئے مخصوص رکھا جانا چاہئے۔ ایوان صحافت کشمیر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صراف نے کہا کہ باقی65فیصد میں بھی مقامی نوجوانوں کیلئے20فیصد روزگار کیلئے مخصوص رکھے جانے چاہیں۔گلمرگ میںکھیلو انڈیا کھیلو کا انعقاد کرنے پر مرکزی حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صراف نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے وادی میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور معیشت کو جہاں دوام ملے گا وہیں اقتصادی حالت بھی بہتر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وادی کی معیشت کافی حد تک سیاحتی سرگرمیوں پر منحصر ہے اور اس طرح کے پراگراموں سے وادی میں سیاحتی شعبے کو کافی فروغ حاصل ہوگا۔صراف نے ٹورسٹ گائڈ انسٹی چیوٹ قائم کرنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جہاں نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوگا،وہیں بیرون جموں و کشمیر کے سیلانیوں کو وادی کے بارے میں جاننے میں کافی مدد ملے گی۔ ہند وپاک کے درمیان سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے سمیت دیگر تمام معاہدوں پر سختی کے ساتھ اطلاق کرنے پر اتفاق کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے صراف نے کہا کہ سرحدوں کے خاموش رہنے سے جموں کشمیر کے عوام کو سب سے زیادہ راحت ملے گی۔کشمیری پنڈتوں کی باعزت گھر واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے سنجے صراف نے کہا کہ جن لوگوں کے وادی میں اپنے گھر ہیں انہیں فوری طور پر اپنے گھروں میں منتقل ہونا چاہئے۔صراف نے جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ جموں کشمیر میں ریاستی حیثیت کو بحال کیا جانا چاہئے تاکہ حالات مزید بہتر ہوجائیں۔ پریس کانفرنس کے موقع پر کئی افراد نے ایل جے پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔