شیوسیناکا رنبیر نہر کی خستہ حالی پر کچرا اٹھا کر احتجاج

جموں//شیو سینا جموں و کشمیر یونٹ نے رنبیر نہر کی خستہ حالی کے خلاف شدید احتجاج کیااور اس کی صفائی اور اس کی توسیع کے ساتھ ساتھ اس کی مناسب دیکھ بھال کا مطالبہ کیا۔شیوسینا جموں و کشمیر یونٹ کے صدر منیش ساہنی کی قیادت میں پارٹی کے درجنوں کارکن تحصیل آر ایس پورہ کے میرا صاحب چوک پر جمع ہوئے اور رنبیر نہر کی خراب حالت پر اپنی سنجیدہ تشویش ظاہر نہ کرنے پر ضلع انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔شیوسینک میرا صاحب کی رنبیر نہر شاخ سے اوپر کا کچرا بھی ہٹا رہے ہیں۔ ساہنی نے کہا کہ فنڈز کی عدم دستیابی، انتظامی بے حسی کی وجہ سے 117 سال پرانی تاریخی رنبیر نہر، جو کہ ریاست کا سب سے بڑا آبپاشی نیٹ ورک ہے اور باسمتی کے کاشتکاروں سمیت ہزاروں کسانوں کی لائف لائن ہے۔ پچھلے کچھ سال سے اس کا وجودخطرے میں پڑگیا ہے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پر زور دیا کہ وہ رنبیر نہر کو ریاست کا ورثہ قرار دیں اور اس کی توسیع، مرمت اور صفائی پر خصوصی توجہ دیں۔ساہنی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ نہر کو صاف رکھیں اور کوڑا کرکٹ نہ پھینکیں۔