پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گائوں شیندر میں جموں پونچھ شاہراہ پر ایک سڑک حادثہ میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیںجن کو موقعہ وردات سے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق ایک مسافر بس جو کہ سرنکوٹ کی جانب رواں دواں تھی کہ شیندرہ کے مقام پر ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر ایک کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے ۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کی خبرملتے ہی مکینوں نے بچائو کارروائی میں شامل ہو تے ہوئے زخمیوں کو ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا جہاں پر ان کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے ۔زخمیوں کی شناخت سروربی بیوہ ولایت حسین شاہ سکنہ شیندرہ،ظاہر عالم ولد لکھیا میاں سکنہ بہار بٹیاں حال شنکرنگر پونچھ، عمر 22سال، ذاہد شاہ ولد رذزاق شاہ سکنہ شیندرہ 22سال ،محمد شفیق ولود محمد شفیع سکنہ گورسائی عمر 40سال ،اخلاق احمد ولدمحمد خلیل سکنہ گورسائی عمر20سال، ذاکر حسین ولد محمد شفیع سکنہ فضلہ آباد عمر45سال کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔
چیتے کے حملے میں 4افراد زخمی ،کمسن لڑکی لاپتہ
محمد بشارت +سمت بھارگو
راجوری //راجوری کے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں چیتے کے ایک حملے میں 4افراد زخمی ہوگئے جبکہ 1کمسن لڑکی لاپتہ بتائی جارہی ہے ۔اس واقعہ کی خبر موصول ہوتے ہی مقامی انتظامیہ و عام لوگوں کی جانب سے بچائو کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز صبح کے وقت بدھل کے دراج گائوں میں ایک لڑکی اپنے گھر سے باہر آئی جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئی جبکہ اہل خانہ کی جانب سے تلاش کرنے اور اطلاع فراہم کرنے کے بعد مقامی پولیس سٹیشن سے پولیس کی ایک ٹیم ،مقامی لوگوں اور وائلڈ لائف کی ٹیم نے موقعہ پر جاکر لڑکی کی تلاش شروع کی ۔اہل خانہ نے بتایا کہ لڑکی کے گھر سے باہر جانے کے ساتھ ہی میویشیوں نے شور کیا تاہم لڑکی غائب ہوگئی جبکہ اس کے بعد چیتے کے پائو ں کے نشانات ملے ہیں ۔گمشدہ لڑکی کی شناخت نصرین اختر دختر غلام صابر سکنہ درا ج کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایاکہ اس سلسلہ میں تلاش جاری ہے ۔دوسری جانب سب ڈویژن کوٹرنکہ کی بٹھن گائوں میں چار افراد چیتے کے حملے میں زخمی ہو گئے ۔زخمیوں کی شناخت سلیمہ اختر زوجہ ظفر اقبال ،محمد شاہد ولد عبدالرشید ،بانو بیگم زوجہ محمد منیر اور محمد اقبال ولد کلا لوہار کے طورپر ہوئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد اپنے کھیت میں کھاد ڈال رہے تھے کہ اس دوران چیتے نے ان پر حملہ کر دیا ۔ایس ایچ او بدھل نے بتایا کہ گمشدہ لڑکی کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔