بارہمولہ //فیاض بخاری// شیری ناروائو بارہ مولہ میں صارفین نے بجلی کی بلا جواز کٹوتی اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف سرینگر مظفرآباد شاہرہ پر احتجاجی دھرنا دیا ، جس کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی ۔ تاجر وں اور مقامی لوگوں نے سوموار کوشیری بازار میں آکر احتجاجی مظاہرے کئے ۔ مظاہرین نے محکمہ پی ڈی ڈی پر الزام عائد کیا کہ وہ لوگوں کو شیڈول کے مطابق بجلی فرا ہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں صارفین ، تاجرو ں اور طلاب کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ لوگوں کے مطابق اس کے علاوہ علاقہ دیگر بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں جس کے نتیجے میں عام لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔لوگوں کا کہنا تھا کہ بلاجوازکٹوتی نے صارفین کو کافی پریشان کردیا ہے۔ اس کے علاوہ علاقہ دیگر بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ موسم میں تبدیلی کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کا بہاو بھی بڑھ چکا ہے تاہم محکمہ بجلی لوگوں کو برقی رو فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے ۔ احتجاج میں شامل بیوپارمنڈل شیری کے صدر سجادالبشیر لون اور جنرل سکرٹری امتیاز لون نے کہا ہے کہ اگر آنے والے دنوں میں بجلی کی سپلائی میں بہتری نہیں لائی گئی تو ہم پھر سے سڑکو ں پر نکلنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے ۔ جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہو گی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر چہ میٹر نصب کرنے کے وقت محکمہ بجلی نے صارفین کو یقین دلایا تھا کہ میٹر والے علاقوں کو بغیر خلل بجلی سپلائی فراہم کی جائے گی تاہم ا ن دیہات کو صرف تین یا چار گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ شیر ی مین بازار سے فتح گڈھ کی سڑک بھی کافی خستہ حال ہے اور برسوں سے اُس کی نہ مرمت کی گئی نہ ہی تارکول بچھایا گیا جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو دشواریوں سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ علاقہ دیگر بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں جس کا خمیازہ مقامی آبادی کو بھگتاً پڑ رہا ہے ۔ اس دوران محکمہ پی ڈی ڈی کے اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجئینر پی ڈی ڈی بارہمولہ یاسر احمد ککرو، نائب تحصیلدار ناروائو محمد رجب اور ایس ایچ او شیری وسیم احمد اور محکمہ پی ڈی ڈی کے دیگر آفیسران موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کوا علیٰ حکام تک پہنچائیں گے جس کے بعد مظاہرین پُر امن طور منتشر ہوئے ۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر یاسر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دراصل لوگ موسم سرما میں زیاد ہ ہیٹر اور بوائیلر استعمال کررہے ہیں ، اسی وجہ سے بجلی سپلائی میں خلل پڑتا ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ محکمہ سے تعاون کرکے ہیٹر اوربوائلر کااستعمال نہ کریں تاکہ بجلی سپلائی میں بہتری آسکے۔