شیرِ کشمیر پْل خستہ حالی کا شکار مقامی لوگوں نے پل کی مرمت کا مطالبہ کیا

حسین محتشم

پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام کو جموں سرینگر اور ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والا اہم شیرِ کشمیر پْل خستہ حالی کا شکار ہونے سے عوام کوسخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔پْل پر جگہ جگہ گڑھے بنے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے وہاں گاڑیوں کا نقصان ہو رہا ہے اور پیدل چلنا بھی دشوار ہو جاتاہے۔نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر الحاج محمد بشیر کا کہنا ہے کہ پْل کی مرمت برائے نام ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اس طرح خستہ حالت ہے کہ وہاں سے گاڑی میں سفر کرتے وقت گردے منھ کے بل آ جاتے ہیں کیونکہ اس پر ضرورت سے زیادہ سپیڈ بریکر لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پونچھ کی انتظامیہ تعمیر و ترقی کے نام پر سرکاری عامرہ سے کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں تاہم اس کے نتیجہ سفر نکلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعمیر وترقیاتی کام برائے نام کاغذوں میں کروڑوں کی لاگت والے ہوتے ہیں لیکن در حقیقت وہ لاکھوں کے بھی نہیں ہوتے اور مرمت کے نام پر تو سیدھا کاغذی کاروائی ہی ہوتی ہے جو زمین سے بالکل غائب ہوتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ وہ اس پْل کی صحیح معیاری مرمت کریں تاکہ لوگوں کو پریشانی سے نجات حاصل ہو۔