شہراورقصبہ جات میں عید خریداری جاری | کشمیر کے بازاروں میں خریداروں کا ہجوم

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//عیدالفطر کی تقریب سعیدکے پیش نظر سرینگر سمیت پورے کشمیر کے بازاروں میں پیر کو خریداروں کا ہجوم امڈ آیا تھا ۔ بڑی تعدادمیں خریداروں کی آمد کے باعث کئی بازاروںمیں اور سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال دیکھنے کو ملی۔بازاروںمیں دن بھر بیکری، گوشت اور مرغ کی دکانیں، ریڈی میڈ گارمنٹس اور کراکری اسٹورز پر گاہکوں کا بہت زیادہ رش دیکھنے میں آیااورلوگوںنے ضروری چیزوںکی خریداری اورعیدمنانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ کشمیر کے کچھ مقامات پر عید کی خریداری کے رش کی وجہ سے ٹریفک میں خلل بھی دیکھا گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ گاڑیوں کی نقل و حرکت کو کم کرنے کیلئے سرینگر اور دیگر ضلعی ہیڈکوارٹروں میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کو بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا ۔سرینگرکی ایک مشہور بیکری دکان کے ایک ملازم نے بتایا کہ گاہکوں کی اچھی تعداد ہے اور پچھلے2دنوں میں خریدو فروخت میں اضافہ ہوا۔بچوں ونوجوانوںکے کپڑوں اور جوتوں وغیرہ کی دکانات پر خریداروں کا زیادہ رش یکھنے میں آیا جبکہ خریداروں کو راغب کرنے کیلئے شہر کے بیشتر حصوں میں سڑک کے کنارے سٹال لگائے گئے ہیں۔خریدارو ں کاکہناہے کہ عید کا وقت ہے اور نئے کپڑوں اور کھانے پینے کی اشیاء کی خریداری جیسی تیاریاں جشن کا ایک اہم حصہ ہیں۔تاہم پائین شہرکے بازاروں میں سرینگر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری تعمیراتی کاموں کی وجہ سے خریدوفروخت میں کمی دیکھی گئی۔