شوپیان//پہاڑی ضلع شوپیان کے کرالہ چک کیلر گائوں میں ایک نامعلوم شخص نے لڑکی پر تیزاب سے حملہ کیا، جس سے وہ زخمی ہوئی۔ یہ واقعہ منگل کی دوپہر پیش آیا۔معجزاتی طور پرلڑکی کا چہرہ محفوظ رہا اور تیزاب سے لڑکی کے بائیں کندھے پرزخم لگے اور اسے علاج معالجہ کیلئے صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔پولیس نے کہا کہ واقعہ سے متعلق ابتدائی جانکاری حاصل کرنے کے بعد اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔انہوںنے کہاکہ لڑکی پرتیز آب حملہ کرنے میں ملوث شخص کی شناخت اورتلاش سے متعلق کارروائی شروع کی گئی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ لڑکی 9ویں جماعت میں زیر تعلیم ہے۔کچھ سال قبل باغات سرینگر میں اسی نوعیت کاایک واقعہ ہوا تھا،جس میںایک مقامی دوشیزہ شدید زخمی ہوگئی تھی اورملزم کوگرفتار کیاگیا تھا ۔شوپیان میں پیش آنے والے واقعہ سے قبل12دسمبر2014کوشہر کے نوشہرہ علاقہ میں قانون کی ڈگری حاصل کررہی ایک طالبہ پر ایک گاڑی میں سوارکچھ افرادنے تیز اب پھینکا تھا۔2جنوری 2013کوباغات پرے پورہ سرینگرمیں ایک نوجوان لڑکی پرایک شخص نے تیز اب سے حملہ کیاتھا۔ان دونوں واقعات میں ملوث ملزمان کوگرفتار کیاگیاتھا ،اوراُن کوعدالت سے سزائیں بھی سنائی گئیں ۔