عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بھارتی فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے وادی کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے ساتھ تعینات فوجی یونٹوں کا دورہ کرکے انسدادِ دراندازی نظام کی مضبوطی اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔فوج کی شمالی کمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے کپوارہ سیکٹر میں ایل او سی پر تعینات مختلف یونٹوں کا دورہ کیا اور سرحدی علاقوں میں دراندازی کو روکنے کیلئے قائم حفاظتی نظام، نگرانی کے طریقہ کار اور مجموعی آپریشنل صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔یو این ایس کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی کمانڈر نے زمینی سطح پر تعینات جوانوں اور افسران سے بھی ملاقات کی اور موجودہ سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
انہوں نے ایل او سی کے ساتھ تعینات فورسز کی تیاریوں، چوکسی اور ردعمل کی صلاحیت کا جائزہ لیتے ہوئے سرحدی دفاعی نظام کو مزید مثر بنانے کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ان اقدامات کا بھی مشاہدہ کیا جو سرحدی علاقوں میں عملی طور پر نافذ کئے جا چکے ہیں۔ انہیں بغیر پائلٹ فضائی نظام (یو اے ایس) اور انسدادِ ڈرون نظام (سی یو اے ایس)کو جنگی حکمت عملیوں اور آپریشنل طریقہ کار کے ساتھ مربوط کرنے کے حوالے سے خصوصی مظاہرہ پیش کیا گیا۔فوجی حکام کے مطابق ان جدید نظاموں کا مقصد سرحدی نگرانی کو مزید موثر بنانا، دشمن کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا اور جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ حالیہ برسوں میں ایل او سی کے ساتھ ڈرون سرگرمیوں میں اضافے کے پیش نظر فوج جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔شمالی کمان کے سربراہ نے مشکل اور چیلنجنگ حالات میں خدمات انجام دینے والے فوجی جوانوں اور افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، حوصلے اور عزم کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں تعینات اہلکار انتہائی مشکل جغرافیائی اور موسمی حالات کے باوجود قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے تمام رینکس کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی جنگی مہارت، ثابت قدمی، جرات اور فرض شناسی قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز اور جدید جنگی تقاضوں کے پیش نظر فوجی اہلکاروں کو اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں میں مسلسل اضافہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جنگی مشقوں، تربیتی سرگرمیوں اور آپریشنل طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں تاکہ فوجی اہلکار تکنیکی طور پر زیادہ ماہر، ذہنی طور پر مضبوط اور حربی اعتبار سے مزید مستعد بن سکیں۔فوجی ذرائع کے مطابق شمالی کمان کے سربراہ کا یہ دورہ سرحدی علاقوں میں جاری سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے اور انسدادِ دراندازی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ تھا۔ ایل او سی کے ساتھ تعینات فورسز کو درپیش چیلنجز، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور آپریشنل تیاریوں کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا دراندازی کی کوشش کا بروقت اور مثر جواب دیا جا سکے۔