بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر آج دونوں طرف سے کوئی مسافر یا مال بردار گاڑی نہیں چلے گی۔محکمہ ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہلکی بارشوں کے باوجود شاہراہ جمعرات کو شام 9بجے تک کھلی رہی لیکن اسکے بعد کیفٹیریا موڑ اور مہاڑ علاقوں میں پتھر گرنا شروع ہوگئے جس کے بعد ٹریفک روک دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ناشری اور ڈھلواس کے بیچ3کلو میٹر تک ٹرک کھڑے ہیں اور سینکڑوں مال بردار گاڑیاںمہاڑ اور چندر کوٹ کے درمیان 10کلو میٹر تک کے راستے میں بھی محفوظ مقامات پر کھڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو جموں سے سرینگر جانے والی سینکڑوں مسافر و مال بردار گاڑیوں کو نکالا گیا لیکن شاہراہ پر وقفہ وقفہ سے بارشوں کی وجہ سے ٹریفک جام رہا جس کے نتیجے میں مال بردار گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر روک دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کو کسی بھی طرف سے گاڑیوں کے چلنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ شاہراہ کی صورتحال دیکھ کر درماندہ مال بردار گاڑیوں کو ہی نکالا جائیگا۔