جموں//جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے کہا ہے کہ سیکولرازم جو جموں و کشمیر اور اس کے عوام کی پہچان رہا ہے، کو بعض تفرقہ پسند طاقتوں سے خطرہ ہے جو اپنے ذاتی مفادات کے لئے اس کوتبا ہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ صوبائی صدر نے یہ بات ایک تقریب کے دوران اپنے خطاب میں کہی جس میں جموں کشمیر نیشنل کانفرنس جموں ڈسٹرکٹ اربن یونٹ نے صوبہ جموں کے نئے نامزد کردہ صوبائی کمیٹی ممبران کو مبارکباد دی۔ یہ تقریب چندر موہن شرما، ضلع صدر این سی جموں اربن کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ بابو رام پال، صدر سنٹرل زون این سی نے زونل اور ضلعی کمیٹیوں جموں اربن کے ممبران کے ساتھ برج موہن شرما اور ایس ایس بنٹی، نائب صدور سمیت نو نامزد صوبائی کمیٹی ممبران کو مبارکباد پیش کی۔
صوبائی صدر رتن لال گپتا نے کہا کہ جموں و کشمیر ہمیشہ سیکولرازم کا مظہر رہا ہے لیکن آج کچھ تفرقہ انگیز طاقتیں اپنے ذاتی مقاصد کی تکمیل کے لیے اسے تباہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے پارٹی کو ایسی طاقتوں کے خلاف متحد ہونے اور اس خطے کی سیکولر ساکھ کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کی تلقین کی۔انہوں نے مزید کہا کہ تب ہی ہم ایسی تخریب کار قوتوں کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر برادریوں کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کے لیے ہمہ وقت کام کر رہے ہیں لیکن ہم ان تفرقہ انگیز قوتوں کو شکست دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ اجے سدھوترہ ، مرکزی سکریٹری اور سابق وزیر نے اپنے خطاب میں مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے خاص طور پر نوجوانوں کے لیے مصائب کے سوا کچھ نہیں لایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اہم صنعت کاری سمیت چاند کا وعدہ کیا تھا لیکن تمام وعدے محض کھوکھلے نعرے ثابت ہوئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جاری منصوبوں میں کارکنوں اور ملازمین کو شامل کرنے میں مقامی نوجوانوں کو ترجیح دی جائے۔ بابو رام پال، سینئر این سی لیڈر نے اپنے خطاب میں جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد سے قبل ریاست کی بحالی کے لیے پارٹی کے مطالبے کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت پر ایک بڑا دھبہ ہے خاص طور پر گزشتہ 4 سال سے انتخابات کرانے میں اس کی مکمل ناکامی ہے۔چندر موہن شرما نے کہا کہ زمینی سطح پر کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے جس کے بارے میں حکومت بلند بانگ دعوے کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درحقیقت عوام بنیادی سہولتوں کے لیے ترس رہے ہیں اور بجلی کے جھوٹے اور بھاری بل وصول کر کے عذاب میں مبتلا کر رہے ہیں۔ایوب ملک، صوبائی سیکرٹری نے ان کے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔