مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی تحصیل منکوٹ کی پنچائت سیلانی کے سرپنچ خالد چوہان نے محکمہ دیہی ترقی کے اعلی ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنچائت میں کئی سال قبل بنا ہوا پنچائت گھر مکمل نہیں ہوسکا ۔انکا کہنا تھا کہ پنچائت گھر کیلئے متعلقہ محکمہ نے بیس لاکھ روپے رکھے تھے جبکہ متعلقہ محکمہ نے بیس لاکھ میں سے پندرہ لاکھ روپے پنچائت گھر پر خرچے اور پتہ نہیں باقی کے پانچ لاکھ روپے کہاں شفٹ کردئے اور سات برسوںسے پنچائت گھر نامکمل ہے جبکہ پنچائت کے نمائندگان لوگوں کے ہمراہ کھلے عام بیٹھ کر دربار لگاتے ہیں اور لوگوں سے بات چیت کرتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ کے آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ایک سرحدی علاقہ میں اس وقت تک پنچائت گھر مکمل نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے ریاستی گورنرر انتظامیہ اور محکمہ دیہی ترقی کے اعلی ملازمین سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پنچائت گھر کو مکمل کروایا جائے اور ان ملازمین کے خلاف بھی قانونی کاروائی کی جائے جنہوں نے لاکھوں روپے خرچنے کے باوجود بھی پنچائت گھر مکمل نہیں کیا۔