سیلاب میں ڈوبے پاکستان کو مدد کی ضرورت :بائیڈن

واشنگٹن//یو این آئی//مریکی صدر جو بائیڈن نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا سے بھرپور اپیل کی کہ وہ پاکستان کی حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے میں مدد کرے ۔ امریکی صدر نے موسمیاتی تبدیلی کے بحران سے نمٹنے کے لیے کارروائی کا بھی مطالبہ کیا اور صرف رواں سال کے لیے پوری دنیا میں انسانی زندگی بچانے والی امداد اور خوراک کے تحفظ کے لیے 2 ارب 90 کروڑ ڈالر کے فنڈ کا اعلان کیا۔انہوں نے دنیا بھر میں وسیع تر معاشی اور سیاسی بحرانوں کو روکنے کے لیے کمزور ممالک کے قرضوں پر ‘شفاف طریقے سے مذاکرات’ کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔امریکی رہنما نے دنیا پر بدلتی ہوئی آب و ہوا کے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بیشتر حصہ اب بھی پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور اسے مدد کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ خاندانوں کو ناممکن انتخاب کا سامنا ہے ، یہ انتخاب کرنا کہ کون سے بچے کو کھانا کھلانا ہے اور یہ سوچ رہے ہیں کہ کیا وہ زندہ رہے گا، یہ موسمیاتی تبدیلی کی انسانی قیمت ہے اور یہ بڑھ رہی ہے ، کم نہیں ہو رہی’۔قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستان کے قرضوں سے نمٹنے میں مدد کریں۔