نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سیری گائوں میں جانے والی رابطہ سڑک کی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے عام لوگوں و ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر تحت 12کلو میٹر سڑک کی تعمیر شروع ہوئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک سے سرحدی علاقہ کی 3بڑی پنچایتوں کی عوام کو دوران آمد ورفت سہولیت دستیاب ہونے کا اندازہ لگایا جارہا تھا لیکن محکمہ کی نا قص کارکر دگی کی وجہ سے ابھی تک سڑک کو مکمل ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک کی مدد سے ڈھینگ ،کلال ،بیری پتن و سیلال جیسے پسماندہ علاقوں کی عوام کو فائدہ پہنچنے کی امید تھی ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے رابطہ سڑک کئی جگہوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے جبکہ سڑک میں پڑے ہوئے کھڈوں میں جمع پانی کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک خراب ہونے کی وجہ سے اب لوگوں کا پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کو دیکھتے ہوئے اب مسافر گاڑیوں کا چلنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں انتظامیہ سے بھی رجوع کیا گیا تاہم ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جاسکا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ابطہ سڑک کو جلداز جلد معیاری بنایا جائے ۔