سرینگر//سیاسی رہنمائوں،کارکنوں اوردیگر کوجموں کشمیراوربھارت کی مختلف جیلوں میں نظربندرکھنے پرحریت کانفرنس(ع) نے تشویش کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں حریت نے کہاکہ بیشتر کشمیری رہنمائوں ، سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں ،جن میں ایڈوکیٹ شاہد الاسلام، الطاف احمد شاہ، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، فاروق احمد ڈار،سید شاہد یوسف، سید شکیل احمد، ظہور احمد وٹالی،انجینئر رشید،محترمہ آسیہ اندرابی، محترمہ فہمیدہ صوفی، محترمہ ناہیدہ نسرین وغیرہ شامل ہیں ، کو تہاڑ جیل میں قید و بند کی زندگی گزارتے ہوئے پورے چار سال مکمل ہو گئے ہیں جبکہ اب انکی اسیری کے پانچویں سال کا آغاز ہو چکا ہے ۔حریت نے کہا کہ ایڈوکیٹ شاہد الاسلام جن کی تہارجیل میں صحت بری طرح متاثر ہو گئی ہے اور موصوف کے اہل خانہ اور کمسن بچیاں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کررہی ہیں، یہ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ اتنی لمبی مدت کے دوران نہ تو ان کے کیسوں کی سماعت ہو رہی ہے اور نہ ہی انہیں اپنی صفائی پیش کرنے کا موقعہ دیا جارہا ہے اور ایک پالیسی کے تحت جان بوجھ کر ان کے معاملات کو طول دیا جانا حد درجہ افسوسناک اور حقو ق البشر کی صریحاً خلاف ورزی اور آمرانہ طرز عمل ہے ،جو قابل مذمت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسی طرح محمد یاسین ملک جو گزشتہ دو سال سے اور شبیر احمد شاہ بھی مذکورہ جیل میں گزشتہ چار سال سے قید و بند کی زندگی گزار رہے ہیں اور ان کے معاملات میں بھی حکومت کی آمرانہ اور انتقام گیرانہ پالیسیاں عدل و انصاف اور جمہوری قدروں کی بیخ کنی کے مترادف ہیں۔بیان میں مسلمہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور حق و انصاف پر یقین رکھنے والے بھارت کے باضمیر افراد کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے اقوام و ممالک سے اپیل کی گئی کہ وہ برسہا برس سے جموںوکشمیر کے سیاسی رہنماں ، کارکنوں اور نوجوانوں جو جموںوکشمیر سمیت بھارت کی مختلف جیلوں اور تعذیب خانوں میں کسمپرسی کے عالم میں قید و بند کی زندگی گزارنے پر مجبور کئے گئے ہیں، ان کی فوری بلا مشروط اور باعزت رہائی کیلئے اپنی آواز بلند کریں۔اس دوران حریت کانفرنس نے سرکردہ رہنما شیخ عبدالعزیز کی تیرہویں برسی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقید ت ادا کرتے ہوئے اپنا یہ عزم اور عہد دہرایا ہے کہ ان کے نصب العین کی آبیاری کیلئے پر امن جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔حریت کانفرنس نے NIA کی جانب سے وادی بھر میں جماعت اسلامی جموںوکشمیر سے وابستہ اداروں اور افراد کے گھروں پر مسلسل چھاپوں پر شدید فکر و تشویش کا اظہار کیا ہے ۔