سیاحت کا شعبہ 2030تک | 50 ملین نئی ملازمتیں پیدا کرے گا: کاچرو

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر/// ہوٹلیئرز ایسوسی ایشن آف انڈیا (HAI) کے نومنتخب صدر کے بی کاچرو نے پیر کو کہا کہ سیاحت اور مہمان نوازی کا شعبہ 2030 تک ہندوستان بھر میں 50 ملین نئی ملازمتیں پیدا کرنے جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس شعبہ کو اپنا مقام دلائے جس کا وہ مستحق ہے کیونکہ سیاحت اور مہمان نوازی کا شعبہ مساوی اور دیگر صنعتوں کی طرح اسے وہ مراعات پیش کرتا ہے۔ کاچرو نے کہا’’ہمیں خوشی ہو گی اگر تمام تعلق دار سیاحت اور مہمان نوازی کے عظیم روزگار اور ترقی کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہیں اور اسے اپنے عزم کا حصہ بناتے ہیں‘‘۔ان کا کہنا ہے ’’ہندوستان کیلئے وقت آگیا ہے کہ وہ اپنی حقیقی ترقی کی صلاحیت کو حاصل کرے اور جی ڈی پی کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک بن جائے۔ اب یہ عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے کہ سیاحت اور مہمان نوازی اس طرح کی ترقی کو آگے بڑھانے میں بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ایچ اے آئی کی ویژن 2047 کی رپورٹ بتاتی ہے کہ مہمان نوازی کے شعبے کا تعاون 2047 تک 1 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ سکتا ہے‘‘۔ایچ آئی اے صدر نے کہا’’یہ مناسب اور قومی مفاد میں ہوگا کہ دو اہم مسائل مرکز میں بنیادی ڈھانچے کی حیثیت اور ریاستوں میں صنعت کی حیثیت کو حکومت کے ایجنڈے میں جگہ ملے‘‘۔