سرینگر//لوک جن شکتی پارٹی کے کشمیر انچارج سنجے صراف نے پارلیمانی کمیٹی کے حالیہ وادی دورہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مذکورہ ارکان پارلیمان نے وادی کی جس آنکھوں دیکھی صورتحال کا جائزہ لیا اس کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاحتی،ثقافتی اور تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے ۔ ایوان صحافت کشمیرمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صراف نے کہا کہ سرینگر جموں شاہراہ بند ہونے کے نتیجے میں جہاں عام لوگوں کی نبض تھم جاتی ہے وہ تعمیر و ترقی بھی ماند پڑ جاتی ہیں۔صراف کا کہنا تھا سرینگر جموں شاہراہ کے بار بار بند ہونے کے نتیجے میں لوگوں کو جہاں سفری مشکلات کا سامنا کرنا پرتا ہے،وہیں مال بردار گاڑیاں درماندہ ہونے سے اشیائے ضروریہ کی قلت بھی پیدا ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہی نہیں بلکہ اس شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے ہوائی سفر بھی مہنگا ہوتا ہے ،جس کا منفی اثر براہ راست یہاں کی سیاحتی سرگرمیوں پر بھی پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل جے پی نے بہت پہلے ثقافتی سیاحت کی وکالت کی تھی،جس کیلئے شہرخاص کے ارد گرد میٹرو ریل چلانے کی تجویز پیش کی تھی اور اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوجاتے اور ڈائون ٹائون کے ثقافتی مقامات بھی سیاحت کے نقشے پر آتے۔وسطی ضلع بڈگام کے ماگام بلدیہ کا ذکر کرتے ہوئے سنجے صراف نے کہا کہ2سال قبل جب اس بلدیہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا تھا اور عوامی نمائندے منتخب ہوئے تھے،اس روز سے اب تک ان نمائندوں کو خاطر میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قریب53لاکھ روپے کی رقم اس کمیٹی کو واگزار کی گئی ہے تاہم کارپوریٹروں کو نظر انداز کیا گیا،اور انہیں تعمیر و ترقی کیلئے کوئی بھی رقم واگزار نہیں کی گئی۔ سرکاری اسپتالوں اور شفا خانوں کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صراف نے کہا کہ لوگوں کو ان طبی مراکز میں معقول سہولیات میسر نہیں ہے۔صراف نے کہا کہ لوگ اب اسپتالوں کا رخ کرنے سے گھبراتے ہیں اور معالجین کو مسیحائوں کی نظر سے اب نہیں دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے سرکاری اسپتالوں میں سہولیات بہم رکھنے اور اسپتال منتظمین کی نکیل کسنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائے۔ انہوں نے راشن کے معاملے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی انتظامیہ مرکز کو اس ضمن میں2ماہ کی مہلت طلب کریں تاکہ اس مدت میں تمام آدھار کارڈوں کو راشن کے ساتھ منسلک کیا جائے۔اس موقعہ پر ماگام بلدیہ کے کئی کونسلروں اور پنچایتی ممبران نے ایل جے پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔