جموں //سکاسٹ یونیورسٹی میں منعقدہ ’وٹ فسٹ ‘2018اختتام پذیر ہو گیا ۔یونیورسٹی کے آر ایس پورہ کیمپس میں ویٹر نری سائنسز اور محکمہ پشوپالن کی طرف سے اس فسٹ کے اختتام پر وگرام کے دوران ڈوگ شو کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے دوران پالتو کتوں نے اپنے کرتب کا مظاہرہ کیا ۔اس پروگرام میں پالتو کتوں کے مالکان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ایک ہفتے تک چلنے والے پروگرام میں انتظامیہ کی جانب سے تمدنی و ثقافتی پروگرام کے علا وہ ،سمپوزیم ،بحث و مباحثہ ،مضمون نویسی اور مختلف کھیلوں ودیگر سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔ان سرگرمیوں میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔اس فسٹ کے اختتامی پروگرام کا افتتاح سکاسٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر پردیپ کے شرما نے کیا جس میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے پروفیسر و دیگر ملازمین اور ماہرین نے بھی شرکت کی ۔اپنے خطاب میں سکاسٹ یونیورسٹی ڈائریکٹر نے طلباء کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس فسٹ میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا جبکہ منعقدہ کھیلوں جن میں بیڈ منٹن ،ٹیبل ٹینس ،کرکٹ ،باسکٹ بال ،والی بال وغیرہ میں کامیاب ہونے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں و انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔