بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر شیر بی بی کے قریب سڑک کے ایک حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک سکارپیو گاڑی مخالف سمت سے انے والی ایک ایس آر ٹی سی بس سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں سکارپیو گاڑی کو نقصان پہنچا اور اس میں سوار دو افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سکارپیو گاڑی نمبر JK-13A/8797 جو سرینگر سے جموں کی طرف جارہی تھی، شیر بی بی کے مقام مخالف سمت سے آنے والی سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک بس نمبر JK-01Y/0468 سے ٹکرائی ۔ اس سکارپیو کو فاروق احمد ساکنہ اونتی پورہ چلا رہے تھے۔ اس حادثے کے نتیجے میں سکارپیو میں سوار عاشق فاروق ولد فاروق احمد بٹ ساکنہ پنتھہ چوک ،سرینگر اور محمد عامر ولد گل محمد ساکنہ قاضیگنڈ زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر پولیس اور بانہال کے رضاکاروں کی مدد سے بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کا علاج چل رہا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دونوں زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔ اس سلسلے میں بانہال پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کر کے ایک کیس درج کیا ہے۔