ڈوڈہ//عدالت عالیہ جموں کشمیر میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈوڈہ کی طرف سے ریاست کے طول عرض میں بالعموم اور وادی چناب (ڈوڈہ خطہ) میں بالخصوص سڑک حادثات میں قیمتی جانوں کے تلف ہونے کے سلسلہ کو روکنے کے لئے ’’دائر مفاد عامہ‘‘ کی عرضی پر ڈویژن بینچ عدالت عالیہ جموں کشمیر نے بارایسوسی ایشن ڈوڈہ کی طرف سے ایڈوکیٹ سید عاصم ہاشمی کے دلائل سُننے کے بعد چیف جسٹس بدردُریز احمد اور جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکور نے معاملہ کی حساسیت اور اہمیت کو دیکھتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ معاملہ اہم ہے ‘‘ اور پھر مرکزی وزارت برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز، چیف سیکریٹری جموں کشمیر، کمیشنر PWD، ڈائیریکٹر جنرل آف جموں کشمیر پولیس، آئی جی پی ٹریفک جموں کشمیر، آر ٹی او جموں اور ڈوڈہ ، رام بن، کشتواڑ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو نوٹس جاری کرکے رپورٹ طلب کی ہے کہ وہ ادارے ان سڑک حادثات کو روکنے کے لئے کیا کررہے ہیں۔ مفاد عامہ کی عرضی میں اس بات کا تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے کہ سڑک حادثات انسانی جانوں کے ضائع ہونے کی ایک اہم وجہ ہے پوری ریاست کی طرح خاص کر ڈوڈہ خطہ (ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن اضلاع) زیادہ متاثر ہیں عرضی میں اس بات کا بھی خلاصہ کیا گیا ہے کہ خود وزارت داخلہ نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ 2004کے بعد تاحال سڑک حادثات میں ریاست میں جاری پر تشدد حالات میں مرنے والے لوگوں کے مقابلہ میں 46%زیادہ لوگ فوت ہوتے ہیں جس میں عام شہری پولیس و دیگر سیکورٹی فورسز شامل ہیں اور سڑک حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد دیگر وجوہات مرنے والوں سے زیادہ ہے اس کے علاوہ ہزاروں لوگ ایسے بھی ہیں جو ان حادثات میں جزوی یا مکمل جسمانی طور معذور ہوئے ہیں جس وجہ سے نہ صرف متاثرین بلکہ اُن کے اہل خانہ کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے عوامی حلقوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسویشن ڈوڈہ کی طرف سے عوامی مفاد میں دائر PILپر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے مفاد عامہ کی اس عرضی پر اگلی تاریخ پیشی سات مارچ 2018کو مقرر ہے۔