مینڈھر//عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر و راجوری پونچھ کے انچارج یاسر خان نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے اعلیٰ افیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیاہے کہ سڑکوں پر تارکول بچھانے کے کام میں غیر معیاری میٹریل استعمال کیاجارہاہے ۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ دنوں جڑانوالی گلی مینڈھر سڑک کا دورہ کرکے یہ پایا کہ سڑک پر غیر معیاری سامان استعمال ہو رہا ہے اور تارکول بچھانے میں غیر معیاری میٹریل استعمال ہورہاہے جس سے یہ سڑخ چند دنوں میں ہی خراب ہوجائے گی ۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ متعلقہ ٹھیکیدار و محکمہ کے ملازمین ایمانداری سے سڑک پر کام نہیں کروا رہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ قبل سلال جبڑ تا منجہاڑی تین کلو میٹر سڑک پر بلیک ٹاپنگ کی گئی تھی جس کی حالت ایک ماہ گزر جانے کے بعد خستہ ہو گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح کئی سڑکوں کا محکمہ پی ایم جی ایس وائی کا کام چل رہا ہے جوکہ غیر معیاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ریاستی حکومت فوری طور ایک ٹیم روانہ کرے جو موقعہ پر آ کر حالات کا جائزہ لے اور سرکار ی رقومات کا ناجائز استعمال نہ کیاجائے ۔انہوںنے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد فوری طور ان سڑکوں پر چل رہے کام کا خود آ کر جائزہ لیں اور ان ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے جو غیر معیاری مواد استعمال کر رہے ہیں۔