نئی دہلی//سپریم کورٹ آف انڈیا کی تاریخ میںپہلی بار ایک ہی وقت میں 9نئے ججوں نے اپنے عہدے کا حلف لیا۔ منگل کے روز نئے ججوں کے حلف لینے کے ساتھ عدالت عظمیٰ میںچیف جسٹس سمیت ججوں کی تعداد 33 ہوگئی، جب کہ چیف جسٹس سمیت ججوں کی منظور شدہ تعداد 34 ہے۔چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس این وی رمنا نے منگل کے روز سپریم کورٹ میں جج کے عہدے کے طور پر 3 خواتین ججوں سمیت 9نئے ججوں کو حلف دلایا ۔ سپریم کورٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب9 ججوں نے ایک ساتھ عہدے کیلئے حلف لیا۔تاہم حلف برداری تقریب سپریم کورٹ کے اضافی بلڈنگ کمپلیکس میں موجود آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جہاں کووڈ کے رہنما ہدایت پر مکمل طور پر عمل کیا گیا۔سپریم کورٹ کے ججوں کے طور پر حلف لینے والے9نئے ججوں کی فہرست میں شامل ہیں، جسٹس ابھے شرینواس اوکا، جو کرناٹک ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے۔ اس کے بعد گجرات ہائی کورٹ میں بطور چیف جسٹس اپنی خدمات انجام دے چکے جسٹس وکرم ناتھ، سکم ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے جسٹس جتیندر کمار مہیشوری، کیرالہ ہائی کورٹ کے جج رہ چکے جسٹس سی ٹی روی کمار اور سینئرایڈوکیٹ اور سابق ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل پی ایس نرسمہا شامل ہیں۔ تین خواتین ججوں میں جسٹس بی وی ناگراتھنا (کرناٹک ہائی کورٹ)، جسٹس ہما کوہلی (تلنگانہ ہائی کورٹ) اور جسٹس بیلا ترویدی (گجرات ہائی کورٹ) شامل ہیں۔جسٹس بی وی ناگراتھنا 2027 میں ملک کی پہلی خاتون چیف جسٹس بن سکتی ہیں۔ جسٹس ناگراتھنا کی پیدائیش 30 اکتوبر 1962 کو ہوئی تھی اور وہ سابق چیف جسٹس ای ایس وینکٹ رمیا کی بیٹی ہیں۔ ان نو نئے ججوں میں سے 3، جسٹس ناتھ اور جسٹس ناگراتھنا اور جسٹس نرسمہا، چیف جسٹس بننے کی قطار میں شامل ہیں۔