بڈگام// بڈگام کے مضافات سویہ بگ میں پانچ روز قبل لاپتہ ہوئے 12 سالہ کمسن لڑکے کی لاش گھر سے تھوڑی دوری پر واقع میوہ باغ سے برآمد ہونے کے بعد پورے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔اطلاعات کے مطابق مقامی لوگوں نے صبح کے وقت سویہ بگ کے شاہ محلہ کے ایک میوہ باغ سے ایک کمسن بچے کی لاش پائی گئی جس کی بناء پر پولیس چوکی سویہ بگ کو اطلاع دی گئی جن کی ایک ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا جس کی شناخت 12 سالہ شاہد فاروق ملک ولد فاروق احمد ملک ولد شاہ محلہ سویہ بگ کے طور پر ہوئی۔اس موقع پر قانونی لوازمات مکمل کرکے نعش وارثین کے سپرد کردی گئی۔پولیس کے اعلیٰ حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شاہد فاروق ملک رواں ماہ کی 5 تاریخ کو گھر سے لاپتہ ہوگیا تھا،جس کی گمشدگی کی رپورٹ پولیس چوکی سویہ بگ میں درج کی گئی تھی۔.پولیس نے اب باضابطہ اس معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 25/2021 درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔کمسن بچے کی لاش جب گھر لائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔