سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی والی انتظامیہ کی جانب سے جموں کشمیر میں’’ سوچھ بھارت‘‘ پروگرام کے نفاذ کیلئے یوٹی ، ضلع اور بلاک سطح کی کمیٹیوں کی تشکیل کو منظوری دی گئی ہے۔ سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی زیر انتظام علاقے کی سطح کی کمیٹی جموں کشمیر کے تمام اضلاع میںسوچھ بھارت پروگرام کے نفاذ کی نگرانی کرے گی،اور جموں کشمیر میں3 بہتر اضلاع کا فیصلہ کرے گی۔ حکم نامہ کے مطابق ضلع سطح کی کمیٹی ضلع بھر میں سوچھ بھارت پروگرام کا نفاذ عمل میں لائے گی اور ضلع میں بہتر یوتھ کلبوں کی کارکردگی کا فیصلہ کرے گی۔ آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ بلاک سطح کی کمیٹیوں کو اپنے علاقوں اور بلاکوں میں اس پروگرام کا نفاذ عمل میں لانا ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ضلع یوتھ سروس و سپورٹس افسر کے ساتھ رابطہ بناے رکھنے کیلئے نوڈل افسر کو بھی نامزد کرے۔ سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ یوٹی سطح کی کمیٹی کی کمان محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کے پرنسپل سیکریٹری کو سونپی گئی ہے۔ ضلع سطح کی کمیٹیوں کی کمان متعلقہ ضلع ترقیاتی کونسلوں کے چیئرمینوںکو سونپی گئی ہے ۔ بلاک سطح کی کمیٹیوں کی کمان بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں کے چیئرمینوں کو سونپی گئی ہے۔ علاقائی سطح پر تشکیل دی گئی کمیٹیوں کیلئے متعلقہ پٹواری کو ذمہ اری سونپی گئی ہے جبکہ ان کمیٹیوں میں ولیج لیول ورکر،پنچ،لبردار،چوکیدار اور مقامی سطح کے یوتھ کلب کے نمائندے ممبران ہونگے۔