غلام نبی رینہ
کنگن// برفباری کے ساتھ ہی عالمی شہرت یافتہ صحت افزا مقام سونمرگ میں سیاحوں کی کیثر تعداد خیمہ زن ہوگئی ہے۔ سال نو کی آمد کے ساتھ ہی ملکی غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد صحت افزا مقام سونمرگ میں وارد ہوچکے ہیں۔ تمام ہوٹلوں میں بکنگ سے اس بات کا عندیہ ملتاہے کہ بیسرن پہلگام حملے کے بعد وادی کشمیر کی سیاحتی صنعت پھر سے پٹری پر لوٹ آئے گی۔ ہوٹل ولیج واک کے منیجنگ ڈائریکٹر شہزاد رسول نے بتایا کہ پہلگام حملے کے بعد ہوٹل خالی پڑے ہوئے تھے لیکن رواں ماہ کے دوسرے ہفتے سے کرسمَس اور نئے سال کے موقع پر تمام ہوٹل بک ہے ۔آنہوں نے کہا کہ ہوٹلوں میں بکنگ 3 جنوری تک ہے اور ابھی تک وینٹر بکنگ نہیں آئی ہے۔ ٹورسٹ پولیس کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق2005میں یکم جنوری سے 30دسمبر تک سونمرگ میں 470,117 سیاح یہاں کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوئے ہیں ۔جنوری میں53676 ملکی 1114 غیر ملکی 1144مقامی سیلانی وارد ہوئے ، فروری میں 55114 ملکی 2019 غیر ملکی 1565، مارچ میں 59084 ملکی 1120غیر ملکی 2749 مقامی سیلانی،اپریل میں 67229 ملکی 1434 غیر ملکی 4059مقامی سیلانی وارداور مئی میں 17083 ملکی 486غیر ملکی 4004مقامی سیلانی وارد ہوئے ۔جون میں 33692 ملکی 281 غیر ملکی 14166 مقامی سیلانی ، جولائی میں 25281 ملکی 159 غیر ملکی 14165 مقامی سیلانی، اگست میں 12124ملکی 304غیر ملکی 19711 مقامی سیلانی وارد ،ستمبر میں 6945ملکی 422غیر ملکی 17897 مقامی سیلانی ، اکتوبر میں 8389ملکی 391 غیر ملکی 5756مقامی سیلانی اورنومبر میں 13527ملکی 459غیر ملکی 4084 مقامی سیلانی وارد ہوئے جبکہ30 دسمبر تک ملکی غیر ملکی اور مقامی سیلانی کی تعداد 22000 ریکارڈ ہوئی ۔ادھر عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں نئے سال کی تقریبات سے قبل ہی سیاحوں کی آمد بے حد بڑھ گئی ہے اور ہوٹلوں، گیسٹ ہاوسز اور ہوم اسٹیٹس میں سو فیصد بْکنگ درج کی گئی ہے۔ گلمرگ میں موجود تقریباً تمام رہائشی سہولیات 27 دسمبر سے ہی مکمل طور پر بھری ہوئی ہیں، جس سے اس سال کے سرمائی سیزن کے غیر معمولی رش کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔محکمہ سیاحت کے حکام کے مطابق وادی میں برفباری کے امکانات اور نئے سال کی تقریبات نے گلمرگ میں سیاحوں کا ہجوم بڑھا دیا ہے۔ محکمے کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ اس سال گلمرگ میں ریکارڈ تعداد میں سیاح پہنچے ہیں۔اسی دوران سیاحوں کا کہنا ہے کہ گلمرگ کی برفباری، قدرتی حسن اور ایڈونچر سرگرمیاں اسے نئے سال منانے کے لیے بھارت کا سب سے بہترین مقام بناتی ہیں۔محکمہ سیاحت نے بھی نئے سال کی تقریبات کے پیش نظر گلمرگ میں اضافی سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کا بندوبست کیا ہے۔ حکام کے مطابق اس سال گلمرگ میں 14 روزہ اسکیئنگ ٹریننگ پروگرام اور دیگر ونٹر اسپورٹس سرگرمیوں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے تاکہ سیاحوں کو مکمل سرمائی تجربہ فراہم کیا جا سکے۔دوسری جانب محکمہ سیاحت نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وادی کے دوسرے مقامات—جیسے سونہ مرگ، دودھ پتھری اور پہلگام کا بھی رخ کریں تاکہ وادی کے سرمائی پیکیج سے بھرپور لطف اٹھا سکیں۔مجموعی طور پر گلمرگ اس وقت جشنِ نو سال میں ڈوبا ہوا ہے۔ برف سے ڈھکی ڈھلوانوں، اسکیئنگ کے جوش اور سیاحوں کے بے پناہ ہجوم نے اس سرمائی مقام کو ایک بار پھر ملک کا ونٹر ٹورزم کیپٹل بنا دیا ہے۔