سول سروسز(ابتدائی)امتحان 2023 | سرینگر کے 12مراکز پر4211امیدوار شریک

نیوز ڈیسک

سرینگر//یونین پبلک سروس کمیشن نے اتوار کو ہندوستان کے 78 شہروں میں سول سروسز (ابتدائی) امتحان 2023 کا انعقاد کیا۔ کشمیر میں مقیم امیدواروں کا امتحان سرینگر کے بارہ مراکز پر کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ حکومت جموں و کشمیر نے ڈویژنل کمشنر کشمیر، وجے کمار بیدھوری کو سرینگر مراکز کے لیے ریاستی سطح کے مبصر کے طور پر نامزد کیا تھا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر، سینٹرل عادل فریدکو ڈویژنل کمشنر کشمیر کے ساتھ، امتحان کے انعقاد کے لیے کوآرڈینیٹنگ سپروائزر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔

 

اس کے علاوہ، ڈویژنل کمشنر کشمیر کے دفتر نے کمیشن کے امتحانات کے انعقاد کے عمل کو مضبوط بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعمیل میں مذکورہ مقامات کے لیے 12 معائنہ کرنے والے افسران کو مقرر کیا تھا۔ مزید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر نے ہر مقام کے لیے موبائل مجسٹریٹس کو نامزد کیا تھا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈویژنل کمشنر کشمیر نے کل امتحان کے بخوبی انعقاد کے لیے ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ایک میٹنگ کی تھی جس میں بالترتیب تمام پرنسپل، وینیو کوآرڈینیٹر، معائنہ کرنے والے افسران اور پولیس، سیکورٹی اور ٹریفک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر کشمیر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سینٹرل، کشمیر نے ہفتہ کے روز تمام 12 مراکز کا دورہ کیا اور تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کی کل تعداد 4211 تھی، تاہم امتحان میں پہلے سیشن میں صرف 2430 امیدواروں نے شرکت کی اور 2408دوسرے سیشن میںشامل ہوئے۔