ڈیوٹی میں لاپرواہی||3ایس پی او برخاست

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں//تین اسپیشل پولیس آفیسرز(ایس پی اوز)کو منگل کے روز جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں ڈیوٹی میں غفلت اور نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹنس(این ڈی پی ایس)ایکٹ میں ملوث ہونے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ حکام نے بتایاکہ ایس پی اوز دلجیت سنگھ، بالی رام اور دیپک سنگھ کو 2023 میں ان کے اور دیگر اہلکاروں کے خلاف شروع کی گئی دو الگ الگ محکمانہ تحقیقات ختم کرتے ہوئے ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ دلجیت سنگھ اور بالی رام کو رام گڑھ پولیس اسٹیشن میں درج قتل کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن وہ پولیس کی حراست سے فرار ہوگئے تھے۔انہوں نے کہا کہ انہیں فرائض سے غفلت برتنے پر ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ دیپک سنگھ کو سانبہ پولیس اسٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج ایک کیس میں ملوث ہونے کی وجہ سے ملازمت سے برخاست کردیا گیا ہے۔