سورج بدستور آگ اگل رہا ہے | اہل وادی پسینہ سے شرابور، درجہ حرارت 33.7

اشفاق سعید
سرینگر //وادی میںگرمی کی شدید لہر جاری ہے جبکہ جموں میں مون سون کی بارشوں کے بعد درجہ حرارت میں کافی حد تک کمی آگئی ہے اس دوران محکمہ موسمیات نے کہا کہ6جولائی کے بعد وادی میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق اتوار کو ایک مرتبہ پھر لوگوں کو شدید گرمی سے کوئی راحت نہیںملی اوردرجہ حرارت 34ڈگری کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔ ماہ جون کے بعد جولائی کے پہلے تین دنوں بھی میں شدت کی گرمی کے نتیجے میںاہل وادی کیلئے رات دن تکلیف دہ ثابت ہو رہے ہیں۔ سرینگر میں اتوارکو بھی شدت کی گرمی پڑی اور درجہ حرارت 33.7ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیاجبکہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات درجہ حرارت 23.6درج کیا گیا، جو جون میں شبانہ درجہ حرارت کا نیا ریکارڈ ہے۔ ۔قاضی گنڈ میںدرجہ حرارت 31.1اور رات کا 22.3ڈگری رہا ۔کپوارہ میں دن کا 34.5 اور رات کا 20.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں میں بارشوں کے بعد کچھ حد تک گرمی میںکمی آئی ہے اور مونسون کی بارشوں کے بعد درجہ حرارت میںکمی واقع ہوئی۔ اتوارکو جموں میں دن کا درجہ حرارت 33.1ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر کئی روز سے جاری شدت کی گرمیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے5جولائی کو بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمہ کے مطابق وادی کشمیر میں آئندہ 24گھنٹوں میںگرمی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے تاہم 5جولائی کو بھاری سے درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔