گول//بلاک سنگلدان میں گزشتہ دس ماہ سے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کی کرسی خالی پڑی ہوئی ہے اور لوگوں کی پے منٹ دو سال سے التواء میں پڑی ہے اور غریب لوگوں کو ہر روز دفتر کا طواف کرنا پڑتا ہے لیکن یہاں پر انہیں خالی ہاتھ لوٹنا پڑتا ہے ۔ اگر چہ مقامی لوگوں نے اے سی ڈی رام بن سے بھی مطالبہ کیا تھا لیکن انہوں نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دے ۔ آج بلاک ڈولپمنٹ آفس کے سامنے سنگلدان کے مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ جلد از جلد یہاں پر بی ڈی او کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ لوگوں کی پے منٹ دو دو سال سے رکی پڑی ہوئی ہیں اور بھاری بھر کم رقومات واجب الادا ہیں لیکن یہاں پر ڈی پی او رام بن کو بی ڈی او کا چارج دیا ہے وہ یہاں پر نہیں آتے ہیں جس وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر جہاں باتھ روم کی پے منٹ التواء میں ہے وہیں باقی کاموں کی بھی کافی رقم بقایا ہے ۔ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے پندرہ دن میں پیمنٹ واگزار کرنے کا دعویٰ بھی ایک جھوٹ کا پلند ہ ہے یہاں پر پندرہ مہینے کے با وجود غریب لوگوں کو پیسے نہیں ملتے ہیں ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پورے ضلع میں اس وقت یہ محکمہ بدنام ہے ، اگر گورنر راج انتظامیہ کو صاف وشفاف بنانے میں پر عزم ہے تو اسے چاہیے کہ وہ محکمہ دیہی ترقی جو محکمہ غریبوں سے جڑا ہوا ہے اس پر نظر ثانی کرے اور لوگوں کی پیمنٹ جو سالہا سال سے بقایا ہے ، سیمنٹ بقایا ہے باقی چیزیں بقایا ہے انہیں غریبوں کو دلوانے میں گورنر انتظامیہ مدد کرے تا کہ ان غریبوں کا بھی کچھ بھلا ہو سکے ۔