سنڈے مارکیٹ میںدو ہفتوں بعد رونق لوٹ آئی | لوگوں کی کثیر تعداد نے خریداری کی

سرینگر// دو ہفتوں کے بعد سرینگر کے مشہور اتوار بازار’سنڈے مارکیٹ ‘کی رونق دوبارہ لوٹ آئی جس دوران لوگوںکی بڑی تعداد نے خریداری کی۔ درجہ حرارت میں گراوٹ اور موسم سرد ہونے کے پیش نظر گرم ملبوسات کی جم کر خریداری کی گئی۔بازار میں خواتین اور بچوں کا بھاری رش دیکھنے کو ملا۔ اتوار کی صبح سردی کی وجہ سے اگرچہ سنڈے مارکیٹ میں تاجروں نے اپنی چھاپڑیاں کم ہی لگائیں تاہم بعد میںٹورسٹ سنٹرسے لیکر مہاراجہ بازار امیرا کدل تک دونوں جانب ہزاروں کی تعداد میں چھاپڑی فروشوں نے مال سجایا جس میں گرم ملبوسات، کمبل اور دیگر سازوسامان تھا۔ لوگوں کی بڑی تعداد سنڈے مارکیٹ پہنچ گئی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ سنڈے مارکیٹ وادی کاایک وہ واحدمارکیٹ ہے جہاں کثیر تعدادمیں لوگ خریداری کرتے ہیں اور خریداری کی غرض سے ہی لوگ یہاں آتے ہیں۔ سنڈے مارکیٹ سے جڑے کئی افراد نے کہا کہ اس مارکیٹ کی وجہ سے ہی ان کے اہل و عیال کا پیٹ پلتا ہے کیوں کہ ہفتے کے چھ دن وہ سنڈے مارکیٹ کیلئے مال تیار رکھتے ہیں اور اس روز یہاں فروخت کرتے ہیں۔ سنڈے مارکیٹ کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملتا ہے جن میں چھاپڑی فروشوں کے علاوہ ، مسافر گاڑیوں ، آٹو ڈرائیوروں ، لوڈ کیریر والوں اور دیگر لوگ بھی سنڈے مارکیٹ کی وجہ سے اچھا خاصا کاروبار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوہفتوں تک بازار مکمل طور پر بند رہا جس کے نتیجے میں انہیںکافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اہل اس مارکیٹ پر پلتا ہے اور وہ دن بھر کمائی کرکے اہل خانہ کو شام کو کھلاتے ہیں۔ سی این آئی