نوشہرہ //راجوری ضلع کے سندر بنی علاقہ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے شروع کر دہ تلاشی مہم تیسر ے روز بھی جاری رہی تاہم اس دوران کوئی مشکوک اشیاء نہیں ملی ۔اس دوران ضلع بھر میں سیکورٹی کی تعیناتی میں اضافے کیساتھ ساتھ چیکنگ عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے ۔۔غور طلب ہے کہ سندر بنی کے دادل گائوں میں گزشتہ دنوں ہوئی مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات ملنے کے بعد فوج کی جانب سے ایک تلاشی مہم شروع کی گئی تاہم ابھی تک کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی ۔سرکاری ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کیساتھ ہی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ایک آپر یشن شروع کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب آپریشن کے دوران پُر اسرار طور پر گولی چلنے کی وجہ سے ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیاتھا تاہم حکام نے بتایا کہ فائرنگ کا کوئی دوبارہ سے واقعہ پیش نہیں آیا ہے ۔اس دوران تیسرے روز بھی فوج اور پولیس کی ٹیموں نے علاقہ کا محاصرہ جاری رکھاتاہم حالات کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے ضلع راجوری میں سیکورٹی انتظاما ت مزید سخت کر دئیے گئے ہیں جبکہ ضلع کے داخلی اور خارجی پوئنٹس کیساتھ ساتھ اندر رابطہ سڑکوں پر بھی لگائے گئے ناکوں پر مزید اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے ۔