سمندری طوفان سے تباہی فلوریڈا میں 17اموات،متعدد زخمی

واشنگٹن//امریکا کی ریاست فلوریڈا میں آندھی اور طوفان کے باعث کم از کم 17 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ سمندری طوفان کے باعث امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ شدید بارشوں کی وجہ سے متاثرہ علاقوں کو سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفانی ہوائوں اور سیلابی صورتحال کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 17 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، طوفان سے تعمیرات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ فلوریڈا کی صورتحال پر امریکی صدر جو بائیڈن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اموات کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ دوسری جانب فلوریڈا کے گورنر کا کہنا ہے کہ طوفان سے جو تباہی ہوئی ہے وہ 500 برسوں میں نہیں دیکھی گئی، سب سیزیادہ فورٹ مائرز کا علاقہ متاثر ہوا ہے اور ریاست میں اب بھی 25 لاکھ سے زائد شہری بجلی سے محروم ہیں۔امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق فلوریڈا کونشانہ بنانے کے بعد سمندری طوفان ‘آئن’دوبارہ شدت اختیار کرگیا، طوفان اب شمال کی جانب بڑھ رہا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ ایان فلوریڈا کی تاریخ کا سب سے خطرناک سمندری طوفان ہو سکتا ہے ۔ مسٹر بائیڈن نے واشنگٹن ،ڈی سی میں فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران ایان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ آج بھی پوری ریاست میں گھوم رہا ہے اور یہ ایک خطرناک طوفان ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک اعداد و شمار واضح نہیں ہیں کہ جان و مال کا کتنا نقصان ہوسکتا ہے ۔