پونچھ//محکمہ تعلیم میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہنے کے بعد سبکدوش ہوئے پونچھ ضلع کے معروف سماجی اور ادبی شخصیت عبدالاحد ضامیؔ کا جمعرات کو طویل عرصہ تک علیل رہنے کے بعد انتقال ہو گیا ۔مرحوم ایک نیک سیر ت اور معروف شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنے بہترین کردار سے عوام الناس میں اپنی پہچان بنائی تھی ۔مرحوم کی نماز جنازہ جمعرات دیر رات گئے اسلامیہ اسکول پونچھ میں اداکی گئی جس میں ضلع بھر کے بڑی تعداد میںلوگوں نے شرکت کی اور بعد از آں انہیں پونچھ قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔ مرحوم اپنے پیچھے اہلیہ اور بچوں کو چھوڑ گئے ہیں۔وہ منڈی کے گائوں بائیلہ میں ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے اور تعلیم حاصل کرنے کے بعد ملازمت اختیار کرلی اور عمر بھر ٹریڈ یونین تحریک سے وابستہ رہے ۔وہ ٹیچر ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہے اور ملازم طبقہ کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ۔ان کی وفات پر سیاسی و سماجی تنظیموں نے گہرے دکھ کا اظہا رکیاہے ۔سرپرستِ اعلیٰ لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن پونچھ راحت حسین نحوی نے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی انسانی خدمت کے لئے وقف کررکھی تھی اوروہ مجسمہ انسانیت ، شریف النفس اور ایک بہترین استاد ہو نے کے ساتھ ساتھ تحریک کے مضبوط رکن بھی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے زندگی کے آخری ایام تک ملازمین کی جد وجہد کی ۔سیاسی و سماجی تنظیموں نے مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔