ریاض //عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق کے دو روزہ دورے کے اختتام پر سعودی عرب اور عمان کا مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ’خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی دعوت پر سلطان عمان، سلطان ہیثم بن طارق نے 11 اور 12 جولائی کو سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا ہے‘۔’دورے کے دوران خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور سلطان ہیثم بن طارق کی ملاقات ہوئی جس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی شریک تھے‘۔’دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ مفادات کے حصول اور تعاون کے فروغ کا جائزہ لیا ہے‘۔’دونوں ممالک کے امن واستحکام کے لیے عسکری اور سیاسی سمیت تمام پہلوؤں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا ہے‘۔’دونوں ملکوں کی قیادت نے بری راستے کے جلد افتتاح پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ کی سہولت پیدا ہو‘۔’دونوں ملکوں کے وزرا کے باہم روابط اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے کئے جانے والے معاہدوں کو اطمینان بخش قرار دیا ہے جن سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی، ثقافتی، تعلیمی اور سفارتی تعلقات مزید گہرے ہوں گے‘۔