یو این آئی
ممبئی/یونیسف کے گڈ وِل ایمبیسیڈر سر ڈیوڈ بیکہم اس ہفتے اپنی ہندوستان دورے کے دوران بچوں اور نوجوانوں سے ملے اور ہر بچے کے لئے برابری کے مواقع، شمولیت اور بااختیاری کی ضرورت پر زور دیا۔ سر ڈیوڈ بیکہم نے کہا آج جن بچوں اور نوجوانوں سے ملاقات ہوئی، ان کی ہمت، جوش اور جذبے کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ کم عمری میں ہی یہ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں اور اپنے مستقبل پر بات کر رہے ہیں۔ وہ واقعی قابلِ تقلید ہیں اور کئی چیلنجوں کو پار کر کے یہاں تک پہنچے ہیں۔ ان کا سفر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بچوں اور نوجوانوں میں سرمایہ کاری جاری رکھنا کتنا ضروری ہے ۔”ممبئی کے کُپریج فٹبال گراؤنڈز میں بیکہم نے 12 سالہ خوشی اور 10 سالہ روہت سے ملاقات کی، جنہیں فٹبال نے اپنی طرف متوجہ کیا۔ فٹبال نے انہیں زندگی کے اہم ہنر، خود اعتمادی، خوشی اور کمیونٹی کا احساس دیا۔خوشی نے بتایا”میں پہلے بہت خاموش اور تنہا رہتی تھی۔ فٹبال نے مجھے خود کو کھلنے ، بہتر بات چیت کرنے اور فیصلے لینے میں مدد دی۔”سر ڈیوڈ نے یونیسف کے زیرِ تعاون ایک ایسے پروجیکٹ کے کم عمر شرکاء سے بھی ملاقات کی جس کا مقصد ممبئی کو بچوں کے لیے بہتر، محفوظ اور سہل شہر بنانا ہے ۔نو سالہ تیرتھ جو ویسٹ کمپوسٹ چیمپئن ہے ، نے کہا”جب میں نے دیکھا کہ ہمارے اسکول کا کچرا کمپوسٹ میں تبدیل ہو کر پودوں کو بڑھنے میں مدد دے رہا ہے ، تو مجھے احساس ہوا کہ ہم صرف صفائی نہیں کر رہے ؛ ہم زمین کو دوبارہ زندگی دے رہے ہیں۔